کراچی۔19دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر مارشل ذیشان سعید نے کہا ہے کہ لاہور کے شمالی حصے میں قائم کیا جانے والا نیا جنرل ایوی ایشن ایروڈروم (فیز ون)سال 2026 کے آغاز میں باضابطہ طور پر فعال کر دیا جائے گا، یہ سہولت خصوصی طور پر جنرل ایوی ایشن اور پائلٹ ٹریننگ کے فروغ کے لیے تیار کی گئی ہے جس میں جدید ترین ہینگرز، پائلٹ بریفنگ …
لاہور میں نیا جنرل ایوی ایشن ایروڈروم 2026 کے آغاز میں فعال ہو جائے گا، ایئر مارشل ذیشان سعید

مزید خبریں
کراچی۔19دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر مارشل ذیشان سعید نے کہا ہے کہ لاہور کے شمالی حصے میں قائم کیا جانے والا نیا جنرل ایوی ایشن ایروڈروم (فیز ون)سال 2026 کے آغاز میں باضابطہ طور پر فعال کر دیا جائے گا، یہ سہولت خصوصی طور پر جنرل ایوی ایشن اور پائلٹ ٹریننگ کے فروغ کے لیے تیار کی گئی ہے جس میں جدید ترین ہینگرز، پائلٹ بریفنگ و ڈی بریفنگ ایریاز اور جدید کلاس رومز شامل کیے گئے ہیں۔
وہ نویں’’ڈی جی پی اے اے ای کچہری ‘‘سے خطاب کررہے تھے جس میں اتھارٹی کے تمام شعوں کے ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ای کچہری کے دوران انتظامی امور اور بھرتیوں کے عمل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے سے مشتہر آسامیوں پر تقرری کے لیے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے رابطہ کیا جا چکا ہے اور وزارتِ دفاع کی جانب سے بھرتیوں پر کوئی پابندی عائد نہیں ۔
ڈائریکٹر جنرل نے ریٹینرشپ پر کام کرنے والے عملے کے معاوضے میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ضروری طریقہ کار مکمل کر کے اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پیدل چلنے والوں کی حفاظت کے لیے پارکنگ ایریا میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا گیا۔
آپریشنل معاملات اور مسافروں کی سہولیات کے حوالے سے ایئر مارشل ذیشان سعید نے واضح کیا کہ ایئرلائن عملے کا نامناسب رویہ اور مسافروں کو درپیش مشکلات کسی صورت قابلِ قبول نہیں ۔ انہوں نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو ایئرلائنز اور گراؤنڈ ہینڈلرز کے ساتھ سامان کی تاخیر، گمشدگی اور رابطوں میں دشواری جیسے مسائل اٹھانے کی سخت ہدایت کی۔ ڈی جی نے سکیورٹی کے حوالے سے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی چیک ایئرپورٹ عملے سمیت تمام افراد کے لیے بلا امتیاز لازم ہے کیونکہ تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
جدید ٹیکنالوجی اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے ڈی جی نے بتایا کہ ملک میں سول ڈرونز کے استعمال کی پالیسی منظور ہو چکی ہے اور اب مختلف اداروں کے تعاون سے ان کی رجسٹریشن اور نگرانی کا نظام وضع کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈی جی خان ایئرپورٹ کے رن وے کی اپ گریڈیشن اور ہوائی اڈوں پر سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کے لیے پرانے تشہیری مواد کے جائزے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
کچہری کے اختتام پر انہوں نے عوامی آرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانب سے ملنے والی تجاویز خدمات کے معیار کو عالمی سطح پر لانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔








