دبئی۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو فائنل میں 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے اس یکطرفہ فائنل میں قومی ٹیم نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو بے بس کر دیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 347 رنز …
پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا، فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے عبرتناک شکست

مزید خبریں
دبئی۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو فائنل میں 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے اس یکطرفہ فائنل میں قومی ٹیم نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو بے بس کر دیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 347 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ سمیر منہاس نے 172 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ بھارتی ٹیم بڑے ہدف کے تعاقب میں محض 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ علی رضا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سمیر منہاس کو شاندار کارکردگی پر میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے دوسری مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائے تھے جب فائنل ٹائی ہو گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو بھارت انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ پاکستان انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔
اوپنر سمیر منہاس نے یادگار اننگز کھیلتے ہوئے 113 گیندوں پر 9 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 172 رنز اسکور کیے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری تھی، اس سے قبل وہ ملائیشیا کے خلاف 177 رنز ناٹ آؤٹ بھی بنا چکے تھے۔ سمیر منہاس نے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ پر 92 جبکہ احمد حسین کے ساتھ تیسری وکٹ پر 137 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ احمد حسین نے 56 اور عثمان خان نے 35 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے دیپیش دیوندرن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 348 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارت انڈر 19 پاکستانی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دیپیش دیوندرن 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
ویبھاؤ سوریا ونشی 26، کپتان آیوش مہترے 2، ایرون جارج 16، ویہان ملہوترہ 7، ویدانت تریویدی 9، ابھیگیان کنڈو 13، کانشک چوہان 9، خلان پٹیل 19 اور ہینل پٹیل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 4 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد صیام، عبدالسبحان اور جذیفہ احسن کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔








