پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے 75فیصدحصص کی نجکاری،دوسرے مرحلہ میں عارف حبیب کنسورشیم کی سب سے زیادہ 121ارب کی بولی ،دوسرے مرحلہ میں ریفرنس قیمت115ارب تھی

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے 75فیصدحصص کی نجکاری کیلئے بولی کے دوسرے مرحلہ میں بھی عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے زیادہ 121 ارب کی بولی لگائی۔ منگل کونجکاری کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لئے بولی کے عمل میں تین کنسورشیم نے بولیاں جمع کرا دی تھیں، پہلے کنسورشیم میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے 75فیصدحصص کی نجکاری کیلئے بولی کے دوسرے مرحلہ میں بھی عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے زیادہ 121 ارب کی بولی لگائی۔ منگل کونجکاری کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لئے بولی کے عمل میں تین کنسورشیم نے بولیاں جمع کرا دی تھیں، پہلے کنسورشیم میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں، دوسرے کنسورشیم میں عارف حبیب کارپوریشن، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی سکولز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل جبکہ تیسرے کنسورشیم میں ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ شامل تھی، تینوں کنسورشیم کی طرف سے دی گئی بولیاں سہ پہر4بجے کھولی گئی۔

لکی سیمنٹ کنسورشیم کی جانب سے 101.5ارب روپے کی بولی دی گئی، ائیربلیوکی جانب سے 26.5ارب روپے کی بولی دی گئی جبکہ عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے سب سے زیادہ 115ارب روپے کی بولی دی گئی،حکومت کی جانب سے کم سے کم قیمت(ریفرنس پرائس) 100ارب روپے مقررکی گئی تھی، پہلے مرحلہ میں لکی سیمنٹ اورعارف حبیب کنسورشیم کامیاب قرارپائے۔دوسرے مرحلہ کیلئے کم سے کم قیمت 115ارب روپے تھی، بولی کیلئے عارف حبیب کنسورشیم اورلکی سیمنٹ کنسورشیم اہل قرارپائے،کھلی بولی لکی سیمنٹ کی جانب سے 115.5ارب روپے کی بولی سے شروع ہوئی جوبڑھتے بڑھتے عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے 121ارب روپے تک جاپہنچی ،اس مرحلہ پرلکی سیمنٹ کی درخواست پربولی کے عمل میں وقفہ کیاگیا۔

وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب اور وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ بھی اس موقع پرموجودتھے۔ وزیرخزانہ نے اپنے مختصرخطاب میں پی آئی اے کے حصص کی نیلامی کے کامیاب عمل پرنجکاری کمیشن اورنیلامی میں حصہ لینے والے مقامی سرمایہ کاروں کومبارکباددی۔انہوں نے کہاکہ بولی کاعمل شفاف طریقے سے آگے بڑھ رہاہے اوریہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ پی آئی اے کے حصص کی فروخت میں سب مقامی سرمایہ کارآگے بڑھے ہیں،یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج کے اس عمل کے بعدپی آئی اے اپنا کھویا ہوامقام حاصل کرے گی بلکہ اس سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاعمل جاری ہے، نجکاری اس عمل کاحصہ ہے، پہلے فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری ہوئی ہے اوراب پی آئی اے کے حصص کی نیلامی کاعمل کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں نقصانات کوکم کرکے اپنے اداروں کوبین الاقوامی معیارکے مطابق لیکرجانا ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ مقامی سرمایہ کارآگے آئیں گے توبیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ریکوڈک سمیت منرل اینڈمائنزمیں بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے اورمستقبل میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ نجکاری کے عمل میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ قبل ازیں بولیاں کھولنے کی تقریب کاآغازتلاوت قران پاک اورقومی ترانہ سے ہوا۔

وزیراعظم کے مشیربرائے نجکاری محمدعلی نے کہاکہ اس موقع پرکہاکہ پی آئی اے کی نجکاری حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈا کااہم حصہ ہے اور امید ہے کہ اس عمل کی کامیاب تکمیل کے بعدنجکاری وسرمایہ کاری کیلئے راہیں ہموارہوں گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے اپریل 2025میں پی آئی اے کے 51فیصد سے لیکر100فیصد تک حصص کی فروخت کافیصلہ کیاتھا، اس تناظرمیں ہم نے تمام بولی دہندگان سے رابطہ کاری کی، بولی دہندگان کی تجاویز کی روشنی میں ابتدائی طورپر75فیصدحصص فروخت کرنے کاہدف مقررکیاگیا تاہم اس میں بھی باقی 25فیصد حاصل کرنے کاآپشن رکھاگیاتھا۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ 75فیصد حصص کا 92.5فیصد پی آئی اے میں لگائے گا جبکہ 7.5فیصد فئیرپرائس کی صورت میں حکومت کے پاس جائیگا، اس اقدام کامقصد پی آئی اے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہے،ہماری خواہش ہے کہ پی آئی اے میں نئی سرمایہ کاری ہو، 18جہازوں کے بیڑ ے میں اضافہ کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ کیلئے ادائیگی کاطریقہ کاربھی وضع کیاگیاہے،67فیصد دائیگی 90سے لیکر120دنوں میں کی جائیگی جبکہ باقی ادائیگی ایک سال کی مدت میں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ٹرانزیکشن کومحفوظ بنانے کیلئے طریقہ کاراپنایاہے اورلیٹرآف کریڈٹ پہلے سے حاصل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ بین الاقوامی ائیرلائن جیسے کسی مضبوطگروپ کوشامل کرناچاہتاہوں تووہ کرسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری کاعمل شفاف اورمسابقتی رکھاگیاہے، بولی کیلئے اندرون وبیرون ممالک اشتہارات دئیے گئے۔

مزید خبریں