ایبٹ آباد،تحصیل حویلیاں میں لوک سدھار آئی ہسپتال کا افتتاح،جاپانی سفیر اور ڈپٹی کمشنر کی شرکت

اسلام آباد۔ 23 دسمبر (اے پی پی):ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں لوک سدھار تنظیم کے زیر اہتمام قائم کیے گئے آئی ہسپتال کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماٹسو شوچی کے ہمراہ خصوصی شرکت کی،افتتاحی تقریب میں مقامی انتظامیہ،لوک سدھار تنظیم کے نمائندگان،طبی ماہرین،سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس …

اسلام آباد۔ 23 دسمبر (اے پی پی):ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں لوک سدھار تنظیم کے زیر اہتمام قائم کیے گئے آئی ہسپتال کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماٹسو شوچی کے ہمراہ خصوصی شرکت کی،افتتاحی تقریب میں مقامی انتظامیہ،لوک سدھار تنظیم کے نمائندگان،طبی ماہرین،سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے لوک سدھار تنظیم کی جانب سے آئی ہسپتال کے قیام کے لیے کی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صحت کے شعبے میں فلاحی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے، جو عوام کو معیاری اور قابل رسائی طبی سہولیات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف عوامی فلاح و بہبود کا ذریعہ ہیں بلکہ حکومت کے صحت عامہ کے اہداف کے حصول میں بھی مددگار ہیں،ڈپٹی کمشنر نے صحت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے جاپان کی حکومت اور جاپانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کا صحت اور سماجی شعبوں میں تعاون پاکستان اور خصوصا خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے قابل قدر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو جدید اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور اس مقصد کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں کے تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ صحت کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔تقریب کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر طبی و انتظامی عملے میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں جس کا مقصد ان کی خدمات کو سراہنا اور حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

مزید خبریں