پاکستان کی اقوام متحدہ میں امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ضبط و تحمل کی اپیل

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا اور وینزویلا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر تمام فریقوں سے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسا کوئی اقدام کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جس سے پہلے سے موجود کشیدگی میں اضافہ ہو۔پاکستان کے اقوام متحدہ میں نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا …

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا اور وینزویلا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر تمام فریقوں سے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسا کوئی اقدام کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جس سے پہلے سے موجود کشیدگی میں اضافہ ہو۔پاکستان کے اقوام متحدہ میں نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ موجودہ صورتحال کسی کے مفاد میں نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں ہر طرف تقسیم اور تنازعات ہیں جو لاکھوں افراد کی زندگیوں اور روزگار کو متاثر کر رہے ہیں، یہ انتہائی ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مرکزی اصولوں کو ایک بار پھر اجاگر کیا جائے جن میں ریاستوں کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ یکطرفہ اقدامات جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں وہ خطرناک مثالیں قائم کر سکتے ہیں جن کے دور رس نتائج ہو سکتے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے اصولوں کو تقدس حاصل ہے۔سفیر عثمان جدون نے پاکستان کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی جرائم اور سرحد پار منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو تعاون کی فضا میں انجام دینا چاہیے اور یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے مکمل مطابق ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے اختلافات کو حل کرنے کے لیے سفارتکاری میں مشغول ہوں، امن کے قیام کے لیے ضروری اقدام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ لاطینی امریکا اور کیریبین کا خطہ حقیقتاً امن کا علاقہ بنے۔

مزید خبریں