لاہور۔26دسمبر (اے پی پی):عوام کو سرکاری خدمات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کے مقصد سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکومتِ پنجاب کیلئے وضع کردہ مریم کی دستک پلیٹ فارم کے ذریعے جون 2024 سے اب تک شہریوں کی جانب سے 25 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 20 لاکھ سے زائد درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں جبکہ بقیہ 3 لاکھ 64 ہزار سے …
سرکاری خدمات گھر کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے مریم کی دستک پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک شہریوں کی جانب سے 25 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، فیصل یوسف

مزید خبریں
لاہور۔26دسمبر (اے پی پی):عوام کو سرکاری خدمات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کے مقصد سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکومتِ پنجاب کیلئے وضع کردہ مریم کی دستک پلیٹ فارم کے ذریعے جون 2024 سے اب تک شہریوں کی جانب سے 25 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 20 لاکھ سے زائد درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں جبکہ بقیہ 3 لاکھ 64 ہزار سے زائد درخواستیں جلد نمٹا دی جائیں گی۔
یہ بات ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ہزاروں نوجوان بطور دستک فیسلی ٹیٹر رجسٹر ہو چکے ہیں جو عوام تک خدمات پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ فی الوقت پنجاب بھر میں مریم کی دستک پروگرام کے تحت 76 سے زائد سرکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں ڈومیسائل، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، فرد یا رجسٹری ریکارڈ سمیت کئی بنیادی سہولیات شامل ہیں۔
شہری اب دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے صرف 1202 پر کال یا دستک ڈور سٹیپ ڈیلیوری ایپ کے ذریعے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ مریم کی دستک عوام کیلئے سہولت، شفافیت اور تیز تر سروس ڈیلیوری کی عملی مثال ہے،
جس کے ذریعے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ممکن ہو رہی ہے بلکہ سرکاری خدمات پر عوام کا اعتماد بھی بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پلیٹ فارم کو مزید موثر بنانے اور اس میں نئی سہولیات شامل کرنے کیلئے مسلسل کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو سرکاری خدمات ایک ہی پلیٹ فارم سے میسر آ سکیں۔







