متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے ایک روزہ دورہ کے بعد روانہ ہو گئے

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے ایک روزہ دورہ کے بعد روانہ ہو گئے۔جمعہ کو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ یہ صدر متحدہ عرب امارات کی حیثیت سے ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔پاکستان آمد پر …

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے ایک روزہ دورہ کے بعد روانہ ہو گئے۔جمعہ کو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔

یہ صدر متحدہ عرب امارات کی حیثیت سے ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔پاکستان آمد پر شیخ محمد بن زاید النہیان کا نہایت پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا، کابینہ کے دیگر سینئر اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان تفصیلی اور بامعنی بات چیت ہوئی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا ۔

انہوں نے معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔