گڑھی خدابخش۔27دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،پاکستان کو سفارتی میدان میں کامیابیاں مل رہی ہیں، معرکہ حق میں مسلح افواج نےبھارت کو ایسی عبرتناک شکست دی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھے گا، ہمارے فیلڈمارشل نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا،مودی کو پتہ لگ گیا ہے کہ پاکستان مذاق نہیں،پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے،محترمہ بے …
ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،پاکستان کو سفارتی میدان میں کامیابیاں مل رہی ہیں، معرکہ حق میں بھارت اپنی عبرتناک شکست ہمیشہ یاد رکھے گا،صدرمملکت آصف علی زرداری

مزید خبریں
گڑھی خدابخش۔27دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،پاکستان کو سفارتی میدان میں کامیابیاں مل رہی ہیں، معرکہ حق میں مسلح افواج نےبھارت کو ایسی عبرتناک شکست دی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھے گا، ہمارے فیلڈمارشل نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا،مودی کو پتہ لگ گیا ہے کہ پاکستان مذاق نہیں،پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے،محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے دن پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو محفوظ کیا،پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارا بنا کر ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یہاں سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، یہ دن ملک کو بچانے کا دن تھا ،اس دن پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو محفوظ کیا ،پاکستان انشاءاللہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ملک و قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے،معرکہ حق میں ہماری مسلح افواج اور ہمارے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا ہے جسے وہ ہمیشہ یاد رکھے گا،پاکستان کی بہادر اورنڈر قیادت نے دشمن کو شکست دی۔پاک فوج اور پاک فضائیہ نے دشمن کے ارادے خاک میں ملا دیے،ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ،ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں، ہم چاہتے تو بھارت کے سارے جہاز گرا سکتے تھے، دوبارہ بھی کسی ملک نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وارث ہیں ،وہ اپنے وطن پر جان، مال ہر چیز نچھاور کر دیں گے،ہماری آنے والی نسلیں بھی ملک کے لیے لڑیں گی ۔پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے،پیپلز پارٹی نے صوبوں کو حقوق دینے کے لیے اقدامات کئے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے عوامی خدمت کی سیاست کی ہے ،اب بھی ملکی مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال میں ایک شخص نے ساری دنیا سے ملک کے تعلقات خراب کروا دیے،اب عالمی سطح پہ پاکستان کی ساکھ بہتر ہو گئی ہے اور پاکستان کو سفارتی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ بھی فیلڈ مارشل کی تعریف کر رہے ہیں،پاکستان کوامن و استحکام کا گہوارا بنا کر ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔ ملک کی ترقی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔جلسہ عام سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔








