پیٹ کمنز اور ہیزل ووڈ کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان

میلبورن۔29دسمبر (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر اور کپتان پیٹ کمنز، تجربہ کار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ اور جارح مزاج بیٹر ٹم ڈیوڈ کو انجری خدشات کے باوجود آسٹریلیا کے ممکنہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق پیٹ کمنز کمر کی انجری کا شکار ہیں اور آئندہ چار ہفتوں میں ان کا ایک …

میلبورن۔29دسمبر (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر اور کپتان پیٹ کمنز، تجربہ کار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ اور جارح مزاج بیٹر ٹم ڈیوڈ کو انجری خدشات کے باوجود آسٹریلیا کے ممکنہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق پیٹ کمنز کمر کی انجری کا شکار ہیں اور آئندہ چار ہفتوں میں ان کا ایک اور سکین کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی حتمی دستیابی کا فیصلہ کیا جائے گا۔پیٹ کمنز جولائی میں انجری کے بعد اب تک صرف ایک بین الاقوامی میچ کھیل سکے ہیں۔

انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کی، تاہم ٹیم مینجمنٹ نے کسی بھی خطرے سے بچنے کے لیے انہیں باقی سیریز سے آرام دے دیا تھا۔ آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کے مطابق پیٹ کمنز کو 15 رکنی عبوری سکواڈ میں شامل کیا جائے گا، تاہم ان کی شرکت کا حتمی فیصلہ ٹورنامنٹ کے قریب کیا جائے گا۔جوش ہیزل ووڈ، جو ہیمسٹرنگ انجری کے باعث مکمل ایشز سیریز نہیں کھیل سکے تھے، بھارت کے خلاف حالیہ ٹی ٹونٹی میچز میں عمدہ کارکردگی دکھا چکے ہیں اور ان کی فٹنس تسلی بخش قرار دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب مڈل آرڈر کے اہم کھلاڑی ٹم ڈیوڈ کو باکسنگ ڈے پر بی بی ایل کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا، تاہم یہ انجری اس سے قبل آئی پی ایل میں ہونے والی انجری سے مختلف بتائی جا رہی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اپنا پہلا ورلڈ کپ میچ 11 فروری کو کھیلے گا جبکہ گروپ مرحلے میں اس کے ابتدائی حریف آئرلینڈ اور زمبابوے ہوں گے۔ ٹیم سری لنکا سے 16 فروری کو مدمقابل ہوگی۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم تیاری کے لیے جنوری کے آخر میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز بھی کھیلے گی، جس کے باعث کچھ کھلاڑی بی بی ایل کے فائنلز سے محروم رہ سکتے ہیں۔