نیویارک۔1جنوری (اے پی پی):امریکی شہر نیویارک کے نومنتخب پہلے مسلمان میئر ظہران ممدانی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق34 سالہ ظہران ممدانی نے یکم جنوری 2026 کو ایک متروک سب وے سٹیشن میں حلف اٹھا کر امریکا کے سب سے بڑے شہر کی قیادت سنبھال لی۔ وہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔ان سے نیویارک کی اٹارنی جنرل، لیٹیا جیمز نے …
امریکی شہر نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ظہران ممدانی نے حلف اٹھا لیا

مزید خبریں
نیویارک۔1جنوری (اے پی پی):امریکی شہر نیویارک کے نومنتخب پہلے مسلمان میئر ظہران ممدانی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق34 سالہ ظہران ممدانی نے یکم جنوری 2026 کو ایک متروک سب وے سٹیشن میں حلف اٹھا کر امریکا کے سب سے بڑے شہر کی قیادت سنبھال لی۔ وہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔ان سے نیویارک کی اٹارنی جنرل، لیٹیا جیمز نے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں ان کی اہلیہ راما دواجی، ان کی والدہ میرا نائر اور والد محمود ممدانی کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی ۔
تقریب میں نیویارک کے سبکدوش ہونے والے میئر ایرک ایڈمز نے بھی شرکت کی۔ ظہران ممدانی نے قرآن پاک پر حلف اٹھایا اور وہ ایسا کرنے والے نیویارک کے پہلے میئر بن گئے۔ ظہران ممدانی کے دفتر کے مطابق سٹی ہال کے نیچے واقع سادہ مقام کا انتخاب ان کے محنت کش طبقے سے وابستگی کی علامت ہے کیونکہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روز مرہ اخراجات میں اضافے جیسے عام لوگوں کے مسائل سے نمٹنے کے وعدے کیے تھے۔ظہران ممدانی نے حلف اٹھانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ واقعی ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزازہے۔
اس موقع پر انہوں نے شہر کے لیے ایک تجربہ کار سٹی پلانر مائیک فلن کو نیویارک کا نیا ٹرانسپورٹیشن کمشنر تعینات کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ نیویارک کے پبلک ٹرانزٹ نیٹ ورک کو پوری دنیا کے لئے قابل رشک بنانا چاہتے ہیں۔ ظہران ممدانی روانی کے ساتھ اردو زبان بھی بولتے ہیں۔یوگنڈا میں پیدا ہونے والے 34 سالہ ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے کم عمر ترین میئر ہیں۔ نیویارک کا بجٹ 116 ارب ڈالر ہے اور اقوام متحدہ کا ہیڈکواٹر ہونے کی وجہ سے نیویارک عالمی توجہ کا مرکز ہے۔
انہوں نے 4 نومبر کو ہونے والے میئر کے انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو اور ریپبلکن امیدوار کرٹس سلِیوا کو شکست دے کر ڈیموکریٹک پارٹی کے ترقی پسند دھڑے کے لئے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ظہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام کی معاشی مشکلات کو مرکزی حیثیت دی۔ ان کے انتخابی وعدوں میں مفت بس سروس، یونیورسل چائلڈ کیئر، شہر کے زیرِ انتظام گروسری سٹورز، کرایہ کنٹرول ہاؤسنگ میں توسیع اور 2030 تک کم از کم اجرت 30 ڈالر فی گھنٹہ تک بڑھانا شامل ہے۔








