ریاض میں منعقدہ اسلامک سالیڈیرٹی گیمز نے دنیا بھر میں امن، اتحاد اور دوستی کا بے مثال پیغام پہنچایا ، ناصر مجالی

ریاض ۔2جنوری (اے پی پی):اسلامک سالیڈیرٹی سپورٹس ایسوسی ایشن (آئی ایس ایس اے) کے سیکرٹری جنرل ناصر مجالی نے سال 2025 کو تنظیم کے لیے ایک انقلابی سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض میں منعقدہ اسلامک سالیڈیرٹی گیمز نے دنیا بھر میں امن، اتحاد اور دوستی کا بے مثال پیغام پہنچایا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے سال بھر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل …

ریاض ۔2جنوری (اے پی پی):اسلامک سالیڈیرٹی سپورٹس ایسوسی ایشن (آئی ایس ایس اے) کے سیکرٹری جنرل ناصر مجالی نے سال 2025 کو تنظیم کے لیے ایک انقلابی سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض میں منعقدہ اسلامک سالیڈیرٹی گیمز نے دنیا بھر میں امن، اتحاد اور دوستی کا بے مثال پیغام پہنچایا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے سال بھر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے بڑے منصوبوں اور عالمی شراکت داریوں کی تفصیلات جاری کیں۔سیکرٹری جنرل نے ریاض گیمز کی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ان کھیلوں میں تمام 57 رکن ممالک کے 3,000 سے زائد ایتھلیٹس نے 23 مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ ہماری کمیونٹی کی طاقت اور بھائی چارے کا عکاس تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں، کوچز اور رضاکاروں کی لگن کو سراہا اور عالمی نشریاتی اداروں ڈی ای زی این (DAZN) اور اے این او سی.ٹی وی (ANOC.tv) کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کھیلوں کو عالمی سطح پر کروڑوں شائقین تک پہنچایا۔ایک اہم ترین اعلان میں ناصر مجالی نے بتایا کہ اسلامک سالیڈیرٹی گیمز کے 2029 کے ایڈیشن کی میزبانی کے لیے ملائیشیا کی ریاست سیلانگور کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس میزبانی کے لیے تین مضبوط بولیاں موصول ہوئی تھیں لیکن ملائیشیا کی بہترین سہولیات اور عزم کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہیں یقین ہے کہ ملائیشیا ریاض 2025 کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ایک شاندار ایونٹ منعقد کرے گا۔تنظیم کی تزویراتی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے ناصر مجالی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں آئی ایس ایس اے نے کھیل کی ترقی اور اتحاد کے لیے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں۔

اس سلسلے میں ’’وائس اپ‘‘ (Voice Up) جیسے اہم ترقیاتی پروگراموں کا کامیاب آغاز کیا گیا اور اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین یو این ایچ سی آر سمیت انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (آئی ٹی اے) اور 20 سے زائد بین الاقوامی فیڈریشنز کے ساتھ اہم معاہدے کیے گئے تاکہ کھیلوں میں شفافیت اور شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اپنے پیغام کے اختتام پر سیکرٹری جنرل نے عزم ظاہر کیا کہ ریاض گیمز سے ملنے والی کامیابی کے تسلسل کو 2026ء میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے تمام ممبر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی سپورٹس کمیونٹی کی تعمیر جاری رکھیں گے جو سب کے لیے خوش آئند اور ترقی کے مواقع سے بھرپور ہو۔