شایان اور راشد علی نے ایل پاسو جونیئر اوپن ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):پاکستان کے ابھرتے ہوئے جونیئر ٹینس کھلاڑی شایان آفریدی اور راشد علی نے امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ایل پاسو ٹینس کلب میں منعقدہ ایل پاسو جونیئر اوپن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں نوجوان کھلاڑی اس وقت امریکا میں موجود ہیں اور دسمبر کے دوسرے ہفتے میامی میں منعقد ہونے …

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):پاکستان کے ابھرتے ہوئے جونیئر ٹینس کھلاڑی شایان آفریدی اور راشد علی نے امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ایل پاسو ٹینس کلب میں منعقدہ ایل پاسو جونیئر اوپن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں نوجوان کھلاڑی اس وقت امریکا میں موجود ہیں اور دسمبر کے دوسرے ہفتے میامی میں منعقد ہونے والی عالمی شہرت یافتہ جونیئر اورنج باؤل انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

اس ٹورنامنٹ کے مین ڈرا میں شمولیت کو ایک بڑا سنگِ میل سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس میں دنیا بھر کے بہترین جونیئر کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔اورنج باؤل چیمپئن شپ کے اختتام کے بعد پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے بارڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے شایان آفریدی اور راشد علی کے لیے ٹیکساس میں ایک ماہ پر مشتمل تربیتی اور مقابلہ جاتی دورے کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام معروف اے ٹی پی سرٹیفائیڈ کوچ ایڈوارڈو وِیسینکو لالووِچ کی نگرانی میں جاری ہے۔اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے شایان آفریدی نے گزشتہ ہفتے اسی مقام پر سنگلز کا ٹائٹل بھی جیتاجبکہ بعد ازاں راشد علی کے ساتھ مل کر ڈبلز کا ٹائٹل حاصل کیاجو دونوں کھلاڑیوں کی مسلسل بہتری اور مسابقتی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

ان کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ شایان آفریدی اور راشد علی نہایت باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ہیں اور پاکستان ٹینس کے روشن مستقبل کی علامت ہیں،جونیئر اورنج باؤل انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ کے مین ڈرا میں جگہ بنانا ایک غیرمعمولی کامیابی ہے کیونکہ یہاں دنیا کے بہترین جونیئر کھلاڑی مقابلہ کرتے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں نے پر اعتماد کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

صدر پی ٹی ایف نے اس دورے اور ایک ماہ کے تربیتی پروگرام کی اسپانسرشپ پر بارڈ فاؤنڈیشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کھلاڑیوں کو بروقت ویزوں کے اجرا پر امریکی قونصل جنرل لاہورکا بھی ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاالدین طفیل نے بھی دونوں کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور بارڈ فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔