اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):کشمیریوں کے حق خودارادیت کا حصول تحریک آزادی کا بنیادی نقطہ ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک نسل در نسل چل رہی ہے، آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا، کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان نے ہمیشہ سفارتی اور سیاسی سطح پر کشمیریوں کی حمایت کی ہے، پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھایا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے …
کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،عالمی برادری بے حسی چھوڑ کر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائے،، مقررین کا سیمینار سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):کشمیریوں کے حق خودارادیت کا حصول تحریک آزادی کا بنیادی نقطہ ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک نسل در نسل چل رہی ہے، آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا، کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان نے ہمیشہ سفارتی اور سیاسی سطح پر کشمیریوں کی حمایت کی ہے، پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھایا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مقررین نے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے تعاون سے فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام ’یوم حق خود ارادیت‘ کے سلسلے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروس اسلام آباد میں ’’حق خود ارادیت ہمارا بنیادی حق ہے‘‘ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی و وفاقی وزیر رانا قاسم نون نے کہا کہ خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، عالمی برادری بے حسی چھوڑ کر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائے،کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریک نسل در نسل چل رہی ہے، آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا، کشمیر بر صغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ وزیراعظم آزاد جموں کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتے ہوئے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں بدل دیا ہے، ہماری بہادر مسلح افواج نے بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا، بھارتی ظلم و ستم سے خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں، حق خود ارادیت کشمیری عوام کا حق ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ نے ہمیشہ کشمیر کے مسئلہ کو ہر فورم پر اجاگر کیا ہے، 5 جنوری 1948ء کو کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں آتا ہے اور قراردادوں کو منظور کیا گیا، کشمیریوں کے حق خودارادیت کا حصول تحریک آزادی کا بنیادی نقطہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی بین الاقوامی لیگل پوزیشن بہت اہم موضوع ہے، حق خودارادیت کو منانا اس لیے ضروری ہے کہ بھارت مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری لیڈرز طویل عرصے سے نظربندی اور قید برداشت کر رہے ہیں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں 90 گھنٹے کی جنگ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ سابق سفیر نفیس ذکریا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 دہائیاں گزر چکی ہیں مگر کشمیری ابھی تک ظلم کا شکار ہیں، اقوام متحدہ سے زیادہ ہمیں خود آگے بڑھ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا، ہمارا مطالعہ اچھا ہونا چاہیے تاکہ ہم کسی بھی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بہترین طریقے سے اجاگر کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہماری سٹریٹیجیز کس حد تک موثر ثابت ہو رہی ہیں، ہندوستان نے ہمیشہ انسانی حقوق کی پامالی کی ہے۔ رہنما پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا ڈاکٹر سویرا پراکاش نے کہا کہ کشمیر میں جو ظلم و ستم ہو رہا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تنازعہ نہ صرف سیاسی بلکہ نفسیاتی طور پر بھی بڑھ رہا ہے، وہاں کے لوگوں پر ذہنی دبائو بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں موجود کشمیر کی لیڈر شپ جیلوں میں ہے، کشمیریوں پر ہندوستان کے مظالم بڑھتے جا رہے ہیں، آزادی سب کا حق ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر محمد خان نے کہا کہ کشمیر ایک ایسا معمہ بن کر رہ گیا ہے جو حل طلب ہے، پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیری فخر سے کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، کشمیریوں کا شروع سے ایک ہی نعرہ ہے ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بچے، نوجوان اور خواتین پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں، کشمیر کا سٹیٹس چینج کرنے کے حقدار صرف کشمیری ہیں، کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ سیمینار سے حریت رہنما الطاف حسین وانی، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس سردار طاہر محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔








