کوہلو ، آل بلوچستان فٹ بال ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل، جانباز فٹبال کلب لورالائی کی فتح

کوہلو۔ 05 جنوری (اے پی پی):) کوہلو میں آل بلوچستان فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اسپورٹس اسٹیڈیم میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور سیکرٹری خزانہ بلوچستان عمران زرکون کے خصوصی تعاون سے انتہائی جوش و خروش اور نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہوا۔ فائنل میچ ریڈ افغان فٹبال کلب دُکی اور جانباز فٹبال کلب لورالائی کے درمیان کھیلا گیا، جس میں جانباز فٹبال کلب لورالائی …

کوہلو۔ 05 جنوری (اے پی پی):) کوہلو میں آل بلوچستان فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اسپورٹس اسٹیڈیم میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور سیکرٹری خزانہ بلوچستان عمران زرکون کے خصوصی تعاون سے انتہائی جوش و خروش اور نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہوا۔ فائنل میچ ریڈ افغان فٹبال کلب دُکی اور جانباز فٹبال کلب لورالائی کے درمیان کھیلا گیا، جس میں جانباز فٹبال کلب لورالائی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے فتح حاصل کر کے ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین میر نثار احمد مری، ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل طحہٰ علی خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء وڈیرہ شیریں مری، قبائلی عمائدین وڈیرہ ربنواز ژنگ، وڈیرہ بیورغ مری، عمر فاروق زرکون، ملک الطاف زرکون، چیئرمین محراب بلوچ، اسپورٹس آفیسر جمعہ خان مری سمیت سیاسی، قبائلی و سماجی شخصیات اور ہزاروں شائقینِ فٹبال نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد سیکرٹری فنانس حکومت بلوچستان کے خصوصی تعاون اور سول سوسائٹی بلوچستان کے چیئرمین سمیع زرکون کے نگرانی میں ہوا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف، ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین میر نثار احمد مری نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر مثبت سمت فراہم کرتے ہیں اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوہلو میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ یہاں کے نوجوان صوبائی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ مقررین نے شاندار اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر سیکرٹری خزانہ بلوچستان عمران زرکون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ فائنل میچ کے اختتام پر ونر ٹیم جانباز فٹبال کلب لورالائی کو موٹر سائیکل اور دیگر انعامات جبکہ رنر اپ ٹیم کو بھی نقد انعامات دیے گئے۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین میر نثار احمد مری کی جانب سے ایک لاکھ روپے، ڈپٹی کمشنر کوہلو اور کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کی جانب سے پچاس، پچاس ہزار روپے نقد انعامات کے ساتھ کھلاڑیوں کو کٹس اور شوز بھی فراہم کیے گئے۔

مزید برآں کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹوز (BSDI) کے تحت کوہلو اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت اور بہتری کے لیے 90 لاکھ روپے کی رقم کا اعلان بھی کیا، جس کے تحت اسپورٹس اسٹیڈیم میں تمام کھیلوں کے میدانوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔

مزید خبریں