آئی سی سی انڈر19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ2026 میں پاکستان کی امیدوں کا محور نوجوان بلے باز سمیر منہاس ہوں گے

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ2026 میں پاکستان کی امیدوں کا محور نوجوان بلے باز سمیر منہاس ہوں گے،جنہوں نے حالیہ انڈر19 ایشیا کپ میں شاندار اور ریکارڈ ساز کارکردگی کے ذریعے عالمی توجہ حاصل کی۔ ماہرین کے مطابق سمیر منہاس کی موجودہ فارم پاکستان کو ورلڈ کپ میں کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ سمیر منہاس نے انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں172 رنز …

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ2026 میں پاکستان کی امیدوں کا محور نوجوان بلے باز سمیر منہاس ہوں گے،جنہوں نے حالیہ انڈر19 ایشیا کپ میں شاندار اور ریکارڈ ساز کارکردگی کے ذریعے عالمی توجہ حاصل کی۔ ماہرین کے مطابق سمیر منہاس کی موجودہ فارم پاکستان کو ورلڈ کپ میں کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔

سمیر منہاس نے انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں172 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کو ٹائٹل دلوایا،جو کسی بھی انڈر19 ٹورنامنٹ کے فائنل میں سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔انہوں نے پانچ اننگز میں471 رنز اسکور کیے، جو ٹورنامنٹ میں کسی بھی کھلاڑی سے تقریباً دو سو رنز زیادہ تھے اور اسی کارکردگی کی بدولت وہ ورلڈ کپ میں شاندار فارم کے ساتھ داخل ہوں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کا کہنا تھا کہ انڈر19 ورلڈ کپ میں نمایاں کارکردگی مستقبل کے عالمی اسٹارز کی بنیاد بنتی ہے، جیسا کہ ماضی میں یوراج سنگھ،ٹم سائوتھی،ایڈن مارکرم اور شبمن گل جیسے کھلاڑی اسی پلیٹ فارم سے ابھرے۔

اسی روایت کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستانی شائقین کی امیدیں ایک بار پھر اپنے نوجوان بلے باز سے وابستہ ہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی انڈر19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ2026 میں دنیا بھر سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شرکت کریں گےتاہم سمیر منہاس کو اس ایونٹ کے ممکنہ نمایاں کھلاڑیوں میں شمار کیا جا رہا ہے، ان کی بیٹنگ میں اعتماد،شاٹس کی ورائٹی اور دبائو میں کھیلنے کی صلاحیت پاکستان کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سمیر منہاس سمیت دیگر نوجوان کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ قومی ٹیم عالمی ایونٹ میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے۔

مزید خبریں