وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر برائے پاکستان سالم الزعابی سے ملاقات

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے پیر کو متحدہ عرب امارات کے سفیر برائے پاکستان سالم الزعابی سے یو اے ای کے سفارتخانہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تعلیم، تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت (ٹیوٹ)، ہنرمندی کے فروغ اور انسانی وسائل کے تبادلے سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے …

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے پیر کو متحدہ عرب امارات کے سفیر برائے پاکستان سالم الزعابی سے یو اے ای کے سفارتخانہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تعلیم، تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت (ٹیوٹ)، ہنرمندی کے فروغ اور انسانی وسائل کے تبادلے سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے ٹیوٹ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، ووکیشنل سکلز ڈویلپمنٹ، اعلیٰ تعلیم اور انسانی سرمائے کے تبادلے کے امکانات پر غور کیا۔

وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے اور عالمی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے پیشہ وارانہ تربیت کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے مشترکہ سرٹیفکیشن پروگرامز، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے علاوہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان تعاون، ڈگریوں اور اسناد کی باہمی تسلیم شدگی، تحقیقی اشتراک اور تعلیمی نقل و حرکت جیسے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ملاقات کے دوران ترجیحی شعبہ جات میں ہنر مند افرادی قوت کے منظم تبادلے کے لئے طریقۂ کار وضع کرنے میں دونوں ممالک کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا جس سے دونوں ممالک کی افرادی قوت کو فائدہ پہنچ سکے۔

یو اے ای کے سفیر سالم الزعابی نے تعلیم اور مہارتوں پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس نوعیت کی شراکت داری مشترکہ معاشی ترقی اور ورک فورس کی بہتری میں معاون ثابت ہوگی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے عملی فریم ورک تیار کرنے اور تعلیم و ہنر مندی کے ذریعے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔