اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی جانب سے 6 اگست کو منظور کی گئی قرارداد خواتین کے حقوق کے تحفظ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسی کے مطابق ’’غیرت کے نام پر قتل‘‘ جیسے گھنائونے …
غیرت کے نام پر قتل کے خلاف زیرو ٹالرینس، ویمنز کاکس کی قرارداد پر من و عن عمل ہوگا، ملک ابرار احمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی جانب سے 6 اگست کو منظور کی گئی قرارداد خواتین کے حقوق کے تحفظ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسی کے مطابق ’’غیرت کے نام پر قتل‘‘ جیسے گھنائونے جرم کے خلاف ریاست کی سطح پر زیرو ٹالرینس اپنائی جائے گی اور مجرموں کو قانون کے شکنجے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔’’اے پی پی‘‘ کو انٹرویو میں ملک ابرار احمد نے بتایا کہ قرارداد کی روشنی میں ایک قومی ڈیٹا بیس قائم کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے،
اس سسٹم کے ذریعے ایسے جرائم کے خلاف ہونے والی قانونی کارروائی کی مرکز سطح پر مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ تفتیش اور عدالتی عمل میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔ملک ابرار احمد نے کہا کہ کابینہ سیکرٹریٹ تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر رہا ہے تاکہ خطرے کا شکار افراد کے لیے خفیہ ہیلپ لائنز، محفوظ پناہ گاہیں اور فوری قانونی امداد کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن کے لیے ایک بین الصوبائی ٹاسک فورس بھی تشکیل دی جا رہی ہے جو قانون کی موثر حکمرانی کو یقینی بنائے گی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد انتظامی ڈھانچے کو اس طرح ڈھالا جا رہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کا ہر راستہ بند ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس حساس معاملے پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔








