پی ٹی اے کی جانب سے ملک میں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز کیلئے پالیسی فریم ورک کا اجراء کر دیا گیا

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ملک میں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز (ایم وی این او) کیلئے پالیسی فریم ورک کا باقاعدہ طور پر نفاذ کر دیا ہے جس کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں مسابقت، جدت اور صارفین کے لئے بہتر انتخاب کو فروغ دینا ہے۔ پی ٹی اے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق …

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ملک میں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز (ایم وی این او) کیلئے پالیسی فریم ورک کا باقاعدہ طور پر نفاذ کر دیا ہے جس کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں مسابقت، جدت اور صارفین کے لئے بہتر انتخاب کو فروغ دینا ہے۔

پی ٹی اے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس پالیسی فریم ورک کے تحت ایم وی این اوز سپیکٹرم رکھے بغیر لائسنس یافتہ موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے اپنی الگ برانڈ شناخت کے تحت ملک بھر میں جدید موبائل خدمات فراہم کر سکیں گے جبکہ ایم وی این او کا لائسنس ابتدائی طور پر 15 سال کے لئے جاری کیا جائے گا جو متعلقہ ریگولیٹری شرائط کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔اس پالیسی فریم ورک کی تیاری جدید اور دور حاضر سے ہم آہنگ موبائل سروسز کے فروغ کے پیش نظر عمل میں لائی گئی تاکہ سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صارفین کو سستی اور مختلف نوعیت کی موبائل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس اقدام سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، روزگار میں اضافہ ہوگا اور موبائل سروسز کو زیادہ قابلِ رسائی اور ہمہ گیر بنا کر قومی وژن “ڈیجیٹل پاکستان” کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔پی ٹی اے جلد پاکستان میں ایم وی این اوز کے لئے لائسنس کے اجراء کے عمل کا آغاز کرے گا۔

اس مقصد کے لئے منظور شدہ پالیسی کے مطابق ایم وی این او لائسنس کا ایک مسودہ تیار کر کے جاری کیا جائے گا جس میں لائسنس کے حصول کے خواہشمند افراد کے لئے آسان اور واضح شرائط ضوابط اور ریگولیٹری ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا۔ ایم وی این او سروسز کے لئے پالیسی فریم ورک پی ٹی اے کی ویب سائٹ https://www.pta.gov.pk/assets/media/2026-01-06-Approved-MVNO-POLICY-FRAMEWORK_Dec-2025-PDF.pdf پر دستیاب ہے۔