اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیم کو قومی ترقی میں ایک اہم سرمایہ کاری سمجھتی ہے، پاکستان بیت المال کے تحت مستحق طلبہ کے لئے تعلیمی معاونت کی حد ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے، وظائف کی فراہمی کے عمل کو زیادہ شفاف، مؤثر اور بروقت بنایا …
پاکستان بیت المال کے تحت مستحق طلبہ کے لئے تعلیمی معاونت کی حد ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے، سید عمران احمد شاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیم کو قومی ترقی میں ایک اہم سرمایہ کاری سمجھتی ہے، پاکستان بیت المال کے تحت مستحق طلبہ کے لئے تعلیمی معاونت کی حد ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے، وظائف کی فراہمی کے عمل کو زیادہ شفاف، مؤثر اور بروقت بنایا جا رہا ہے، مالی امداد براہِ راست یونیورسٹی کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی ہے تاکہ میرٹ اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے دورے کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان بیت المال کے تحت جاری تعلیمی معاونت پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے وفاقی وزیر کو پروگرام کی پیشرفت، طریقہ کار اور طلبہ کو ملنے والی معاونت سے متعلق بریفنگ دی۔سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ پروگرام کے تحت تمام صوبوں کے مستحق طلبہ کو کسی بھی قسم کے سیاسی اختلاف سے مبرا ہو کر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2022 تا 2025 کے دوران 16,956 کیسز منظور کئے گئے اور تقریباً 575 ملین روپے تعلیمی معاونت کی مد میں جاری کئے گئے جبکہ رواں مالی سال کے دوران ایریڈ یونیورسٹی کے 107 طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے تعلیمی و زرعی شعبے کے فروغ کے لئے صوبائی وزیر زراعت محمد عاشق حسین کرمانی کی کاوشوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کوششیں طلبہ کی فلاح اور قومی ترقی کے عمل کو مزید مضبوط کریں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتِ وقت کم آمدنی والے گھرانوں کے طلبہ کو تعلیم کے میدان میں مضبوط سہارا فراہم کرتی رہے گی تاکہ کوئی بھی مستحق طالب علم محض معاشی مسائل کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔








