این ڈی ایم اے نے مون سون 2026 سے قبل ملک بھر میں تعمیرات کو محفوظ بنانے اور آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر مون سون 2026 سے قبل ملک بھر میں تعمیرات کو محفوظ بنانے اور آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لئے این ڈی ایم اے نے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں "نیشنل انفراسٹرکچر آڈٹ پروگرام 2026" کے باضابطہ آغاز کے لئے ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا …

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر مون سون 2026 سے قبل ملک بھر میں تعمیرات کو محفوظ بنانے اور آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لئے این ڈی ایم اے نے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں "نیشنل انفراسٹرکچر آڈٹ پروگرام 2026” کے باضابطہ آغاز کے لئے ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا۔وفاقی وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کی بنیادی وجہ غیر معیاری اور بغیر منصوبہ بندی کے کی گئی تعمیرات ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ آفات کے بعد امدادی کارروائیوں کی بجائے اب ہمیں پیشگی تحفظ اور خطرات کی بروقت تشخیص پر توجہ دینا ہوگی، یہ پروگرام تعمیرات کو محفوظ بنانے اور نقصانات کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اس موقع پر کہا کہ اس پروگرام کا مقصد وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انفراسٹرکچر آڈٹ میں جدید تکنیکی اصولوں اور ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم کو استعمال کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ آڈٹ پروگرام وزیر اعظم آفس سے منظور شدہ ہے جو وفاقی اور صوبائی سطح پر یکساں طور پر نافذ العمل ہوگا۔ تمام اداروں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اس پروگرام کے مشترکہ نفاذ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔