اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے مساجد کے علماء، آئمہ اور خطباء کے لئے 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دینے کے فیصلے پر علماء، آئمہ اور خطباء نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے، حکومتِ پنجاب کے اس پروگرام کے تحت صوبے …
حکومتِ پنجاب کی جانب سے مساجد کے علماء، آئمہ اور خطباء کے لئے ماہانہ اعزازیہ دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے مساجد کے علماء، آئمہ اور خطباء کے لئے 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دینے کے فیصلے پر علماء، آئمہ اور خطباء نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے، حکومتِ پنجاب کے اس پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 66 ہزار سے زائد آئمہ مساجد کو اعزازیہ فراہم کیا جا رہا ہے جس پر اب تک 80 فیصد سے زائد آئمہ و خطباء نے مثبت جواب دے کر اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔بدھ کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے مساجد کے آئمہ و خطباء کے لئے اعزازیہ مقرر کرنے کے فیصلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک پنجاب کے 80 فیصد سے زائد آئمہ و خطباء نے نہ صرف اس اعزازیہ کو قبول کیا ہے بلکہ اس کی وصولی کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ یہ بلاشبہ حکومتِ پنجاب کا ایک بڑا اور تاریخی اقدام ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت، وژن اور فکر کا عکاس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان علماء کونسل کا روزِ اول سے یہی مؤقف رہا ہے کہ جو حضرات یہ اعزازیہ لینا چاہتے ہیں انہیں روکا نہ جائے اور جو نہیں لینا چاہتے ان پر کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالا جائے، آج یہ حقیقت واضح ہو چکی ہے کہ 80 فیصد سے زائد آئمہ و خطباء نے اس اعزازیہ کو قبول کر کے حکومت کے اقدام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ایک مرتبہ پھر پاکستان علماء کونسل کا مؤقف درست ثابت ہوا، مسجد ہو یا مدرسہ، امام ہو یا خطیب، محراب ہو یا منبر علماء نے ہمیشہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ حافظ طاہر اشرفی نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ہوم سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری اوقاف اور پوری انتظامی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اس منصوبے کو منظم اور بہترین انداز میں عملی جامہ پہنایا۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ آئندہ یہ اعزازیہ ماہانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے آئمہ و خطباء کو ملتا رہے گا جس سے نہ صرف مساجد کے نظام کو مزید مضبوطی ملے گی بلکہ علماء و آئمہ کی معاشی مشکلات میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔ انہوں نے اس اقدام کو دینی طبقات کے احترام اور فلاح کے لئے ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔








