مڈکیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکا کا فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا دورہ

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کراچی میں زیر تربیت 45 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکا نے اندرون ملک مطالعاتی دورے کے سلسلے میں بدھ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ممبر ٹیکس پیئرز سروسزونگ تہمینہ عامر کی زیر صدارت منعقدہ بریفنگ سیشن کے دوران شرکا کو ایف بی آر کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا …

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کراچی میں زیر تربیت 45 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکا نے اندرون ملک مطالعاتی دورے کے سلسلے میں بدھ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ممبر ٹیکس پیئرز سروسزونگ تہمینہ عامر کی زیر صدارت منعقدہ بریفنگ سیشن کے دوران شرکا کو ایف بی آر کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا گیا۔

ممبر نے ریونیو میں اضافہ، ادارہ میں شفافیت، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے ایف بی آر کے اہم اقدامات کو اجاگر کیا۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھیں اور بطور سول سرونٹس اداروں کو مضبوط بنانے اور قوم کی خدمت میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

ان لینڈ ریونیو سروس کی نمائندگی کرتے ہوئے سیکرٹری ان لینڈ ریونیو آپریشنز شفقت رسول سندھو اور ٹرانسفر ڈیلیوری یونٹ (ٹی ڈی یو) کے چیف ڈاکٹر نجیب اللہ نے ایف بی آر کی محصولات جمع کرنے کی حکمت عملی اور مینجمنٹ سے متعلق اصلاحات پر تفصیلی پریزنٹیشنز دیں۔ اس کے بعد سوال وجواب کا ایک سیشن ہوا جس میں شرکا نے بھرپورحصہ لیا۔ پاکستان کسٹمز کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید سالار زئی نے شرکا کو کسٹمز سے متعلق ریونیو وصولی کے اقدامات اور ادارہ جاتی اصلاحات سے آگاہ کیا۔

دورہ کرنے والے افسران نے ان معلومات میں بھرپور دلچسپی لی۔ دورے کے اختتام پر نیپا کراچی کی فیکلٹی نے ایف بی آر کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ باہمی خیر سگالی کے اظہار کے طور پر یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ نیپا فیکلٹی اور شرکا نے اس دورے کو نہایت موثر قرار دیا اور کہاکہ شرکا کو مالیاتی نظم و نسق، ادارہ جاتی اصلاحات اور سرکاری شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کردار کے بارے میں قابل قدر معلومات حاصل ہوئیں۔