ایس آئی ایف سی کی جامع سہولت کاری سے توانائی کے شعبے میں بڑی پیش رفت ،شیخوپورہ اسپیشل اکنامک زون میں 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن فعال

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر، مربوط اور فیصلہ کن سہولت کاری کے نتیجے میں توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے، جس سے پاکستان کی صنعتی و معاشی ترقی کو مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔ایس آ ئی ایف سی حکام کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے شیخوپورہ میں 220 کے …

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر، مربوط اور فیصلہ کن سہولت کاری کے نتیجے میں توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے، جس سے پاکستان کی صنعتی و معاشی ترقی کو مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔ایس آ ئی ایف سی حکام کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے شیخوپورہ میں 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کو کامیابی سے فعال کر دیا ہے۔ یہ گرڈ اسٹیشن شیخوپورہ سپیشل اکنامک زون میں قائم بڑے صنعتی صارفین کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔

4 ارب روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ ملک کا پہلا گرڈ اسٹیشن ہے جو خصوصی طور پر کسی اسپیشل اکنامک زون کے لیے کمیشن کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صنعتی صارفین کو بلا تعطل اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی ممکن ہوگی جس سے پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ اور کاروباری لاگت میں کمی آئے گی۔یہ جدید گرڈ اسٹیشن برقی نظام کے استحکام، وولٹیج کے بہتر توازن اور بھاری صنعتی بوجھ کی مؤثر برداشت کو یقینی بنائے گا۔ اس کے علاوہ اس سے شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو، بندالا (فیصل آباد) اور قریبی صنعتی علاقوں کے موجودہ گرڈ اسٹیشنز پر دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز کے لیے جدید پاور انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی توسیع اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

قائداعظم بزنس پارک گرڈ اسٹیشن کو طویل المدتی صنعتی ترقی اور جامع سماجی و معاشی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔بجلی کی بہتر فراہمی اور تکنیکی نقصانات میں کمی کے باعث صنعتی صارفین کو کم تعطل، زیادہ پیداواری صلاحیت اور لاگت میں نمایاں بچت حاصل ہوگی، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت اثرات کا باعث بنے گی۔واضح رہے کہ این جی سی کی جانب سے دسمبر میں 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن کی فعالی سے بھی پنجاب کا ہائی وولٹیج ترسیلی نظام مزید مستحکم ہوا ہے۔ایس آئی ایف سی کی مربوط سہولت کاری، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور تیز رفتار فیصلہ سازی کے باعث توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو رہی ہے، جو قومی ترقی، صنعتی بحالی اور معاشی استحکام کی سمت ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے۔