ایشز سیریزسے قبل ہیری بروک کو بدتمیزی کے واقعے پر تادیبی کارروائی کا سامنا،وائٹ بال کپتانی برقرار

لندن۔8جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان اور ٹیسٹ نائب کپتان ہیری بروک ایشز سیریزسے قبل نیوزی لینڈ میں پیش آنے والے ایک واقعے کے باعث تادیبی کارروائی کی زد میں آ گئے ہیں۔ ای ایس پی این کے مطابق یہ واقعہ 31 اکتوبر کو ویلنگٹن میں تیسرے ون ڈے سے ایک روز قبل پیش آیا، جب مبینہ طور پر نشے کی حالت کے شبہے پر ایک نائٹ کلب …

لندن۔8جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان اور ٹیسٹ نائب کپتان ہیری بروک ایشز سیریزسے قبل نیوزی لینڈ میں پیش آنے والے ایک واقعے کے باعث تادیبی کارروائی کی زد میں آ گئے ہیں۔ ای ایس پی این کے مطابق یہ واقعہ 31 اکتوبر کو ویلنگٹن میں تیسرے ون ڈے سے ایک روز قبل پیش آیا، جب مبینہ طور پر نشے کی حالت کے شبہے پر ایک نائٹ کلب میں داخلے سے انکار کے بعد ہیری بروک کی ایک باؤنسَر سے تلخ کلامی ہو گئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق جھگڑے کے دوران جسمانی رابطہ بھی ہوا، تاہم ہیری بروک کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔

انہوں نے واقعے کی خود اطلاع ٹیم سکیورٹی کو دی، جس کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے باقاعدہ تحقیقات کیں۔ نتیجتاً 26 سالہ ہیری بروک پر تقریباً 30 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا، جو ای سی بی کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ممکنہ سزا ہے، تاہم انہیں وائٹ بال کپتانی سے نہیں ہٹایا گیا۔ای سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کو باضابطہ اور خفیہ تادیبی عمل کے تحت نمٹا دیا گیا ہے اور کھلاڑی نے اپنے رویے کو توقعات کے خلاف تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔

خود ہیری بروک نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ان کا رویہ غلط تھا اور اس سے انہیں اور انگلینڈ ٹیم کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ہیری بروک نے اپنے رویے پر معافی مانگی اور کہا کہ ان کا رویہ غلط تھا جس سے ٹیم کو شرمندگی ہوئی۔ انگلینڈ کی نمائندگی سب سے بڑا اعزاز ہے اور میں نے اس واقعے سے سبق سیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں مستقبل میں اپنی کارکردگی سے اعتماد دوبارہ بحال کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔ہیری بروک اب 19 جنوری کو سری لنکا جائیں گے تاکہ فروری میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری شروع کر سکیں۔یاد رہے کہ ہیری بروک انگلینڈ کی جانب سے ایشز سیریز میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے ہیں، جنہوں نے 10 اننگز میں 358 رنز سکور کیے ہیں۔