اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان اور پاکستان نیٹ ورک آف کوالٹی ایشورنس ان ہائر ایجوکیشن کے درمیان اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے مشترکہ کوالٹی ایشورنس پروگرامز شروع کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ یہ فیصلہ ایچ ای سی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق …
ایچ ای سی اور پاکستان نیٹ ورک آف کوالٹی ایشورنس ان ہائر ایجوکیشن کے درمیان مشترکہ کوالٹی ایشورنس پروگرامز شروع کرنے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان اور پاکستان نیٹ ورک آف کوالٹی ایشورنس ان ہائر ایجوکیشن کے درمیان اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے مشترکہ کوالٹی ایشورنس پروگرامز شروع کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ یہ فیصلہ ایچ ای سی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق نے کی۔ اجلاس میں پاکستان نیٹ ورک آف کوالٹی ایشورنس اِن ہائر ایجوکیشن کی صدر ڈاکٹر آسیہ بخاری اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئیں جن میں ایئر کموڈور (ر) محمد اسماعیل بھی شامل تھے۔
ایچ ای سی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ناصر شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی) ڈاکٹر نور آمنہ ملک اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر آسیہ بخاری نے پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق کو ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیمی شعبے کے سٹیک ہولڈرز کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق پاکستان نیٹ ورک آف کوالٹی ایشورنس اِن ہائر ایجوکیشن کی تجاویز بھی پیش کیں جنہیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے سراہا۔ اجلاس میں ان تجاویز پر مزید پیش رفت کے لئے کوالٹی ایشورنس ایجنسی اور نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی) کو رابطہ کاری کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔
اجلاس میں پاکستان نیٹ ورک آف کوالٹی ایشورنس اِن ہائر ایجوکیشن کی مشیر اور انٹرنیشنل نیٹ ورک فار کوالٹی ایشورنس ایجنسیز اِن ہائر ایجوکیشن کی سابق صدر ڈاکٹر سوزانا کاراخانیان نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ایچ ای سی اور پاکستان نیٹ ورک آف کوالٹی ایشورنس اِن ہائر ایجوکیشن کے درمیان مستقبل قریب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے جس کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم اور کوالٹی ایشورنس کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔








