ایس ای سی پی کی ریسرچ اینالسٹ ریگولیشنز میں اصلاحات، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور شفافیت کو فروغ دینے کا اعلان

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ریسرچ اینالسٹ ریگولیشنز 2015 (ریگولیشنز) میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے بہتر گورننس کے فروغ اور مارکیٹ کی دیانت داری کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی ہے۔ ترمیم شدہ ریگولیٹری فریم ورک سے توقع ہے کہ سرمایہ کاروں کو باخبر سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے میں مدد …

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ریسرچ اینالسٹ ریگولیشنز 2015 (ریگولیشنز) میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے بہتر گورننس کے فروغ اور مارکیٹ کی دیانت داری کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی ہے۔ ترمیم شدہ ریگولیٹری فریم ورک سے توقع ہے کہ سرمایہ کاروں کو باخبر سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے میں مدد ملے گی، شفافیت میں اضافہ ہوگا اور کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔

جمعرات کے روز سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ترامیم سابقہ فریم ورک کے مقابلے میں ایک نمایاں بہتری کی عکاس ہیں جن کے ذریعے ریسرچ اینالسٹس کے ضابطہ کار کے لیے ایک مضبوط اور منظم نظام قائم کیا گیا ہے۔ سابقہ ریگولیشنز محض رہنمائی فراہم کرنے تک محدود تھیں اور ان میں رجسٹریشن کا کوئی باقاعدہ طریقہ کار متعین نہیں کیا گیا تھا۔

نئی ترامیم کے تحت اب ریسرچ اینالسٹس کے لیے ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹریشن لازم قرار دی گئی ہے۔مزید برآں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر ریگولیٹری پابندیوں کو موثر بنانے کے لیے نئے تعمیلی طریقہ کار متعارف کرائے گئے ہیں۔ ترمیم شدہ ریگولیشنز کے تحت ریسرچ رپورٹس کے دائرہ کار میں توسیع، بلیک آئوٹ پیریڈ میں اضافہ، ہدفی قیمتوں سے متعلق افشاء میں بہتری، وائٹ لیبلنگ سروس فراہم کنندگان کی وضاحت اور ریسرچ اینالسٹس کے لیے ضابطہ اخلاق شامل کیا گیا ہے۔

ان ترامیم کواہم سٹیک ہولڈرز بشمول ریسرچ اینالسٹس، بروکریج ہائوسز، اثاثہ مینجرز اور صنعتی ایسوسی ایشنز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہیں۔ ایس ای سی پی نے رائے طلب کرنے کے لیے ایک مشاورتی پیپر شائع کیا، متعدد مشاورتی اجلاس منعقد کیے اور بعد ازاں عوامی تبصرے کے لیے مسودہ ترامیم جاری کیں۔ مارکیٹ کی رائے کے جواب میں چند کلیدی اصلاحات شامل کی گئیں تاکہ وضاحت اور موثریت کو بہتر بنایا جا سکے۔ترمیمی نوٹیفکیشن ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

مزید خبریں