اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر اور پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پاکستان کے نام پر حرف آنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں …
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، انسانی سمگلنگ اور بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم، ایئرپورٹس پر سکریننگ سخت کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر اور پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پاکستان کے نام پر حرف آنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور کراچی و لاہور کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی جاری رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی سمگلرز ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، جنہیں قانون کے شکنجے میں لانا ناگزیر ہے۔اجلاس میں بیرون ملک جانے والے پیشہ ور بھکاریوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو امیگریشن قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایئرپورٹس پر سفری دستاویزات کی سخت سکریننگ کی جائے اور چیکنگ کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنایا جائے۔وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امیگریشن کے نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا مکمل سدباب ہو سکے۔








