لاہور۔9جنوری (اے پی پی):پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ یہ لیگ صرف کرکٹ نہیں بلکہ پوری قوم کے جذبات اور پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت بن چکی ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائزز کی شمولیت نے لیگ کو ایک نئی طاقت،نیا جوش …
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائزز کی شمولیت نے لیگ کو ایک نئی طاقت، نیا جوش اور عالمی سطح پر مزید وقار عطا کردیا ہے، محسن نقوی

مزید خبریں
لاہور۔9جنوری (اے پی پی):پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ یہ لیگ صرف کرکٹ نہیں بلکہ پوری قوم کے جذبات اور پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت بن چکی ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائزز کی شمولیت نے لیگ کو ایک نئی طاقت،نیا جوش اور عالمی سطح پر مزید وقار عطا کر دیا ہے۔ جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور سیالکوٹ کی آمد کے بعد پی ایس ایل اب آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایک مضبوط اور مکمل لیگ بن گئی ہے۔فرنچائز نیلامی کے عمل میں 9 بڑے سرمایہ کاروں کی شرکت نے پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور کمرشل اہمیت کو واضح کر دیا ہے۔
نیلامی کے پہلے راونڈ میں ایف کے ایس گروپ نے ٹیم حیدرآباد کو1 ارب75 کروڑ روپے میں خرید کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا جبکہ دوسرے راونڈ میں او زیڈ گروپ نے ٹیم سیالکوٹ کو1 ارب85 کروڑ روپے میں حاصل کر کے پی ایس ایل کی تاریخ کی مہنگی ترین فرنچائز بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب نیلامی کے بعد پی ایس ایل کی کمرشل ویلیو میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے،جسے ماہرین پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔اس پیش رفت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پی ایس ایل عالمی سطح پر ایک مضبوط برانڈ بن چکی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت پی ایس ایل کو مزید مضبوط بنائے گی اور لیگ کی عالمی حیثیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان کرکٹ پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ نئی ٹیمیں شائقینِ کرکٹ کے جوش و جذبے کو نئی جِلا بخشیں گی اور لیگ کو مزید دلچسپ اور سنسنی خیز بنائیں گی۔ان کے مطابق پی ایس ایل ہر سال نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کر رہی ہے۔ٹیم حیدرآباد کے فرنچائز اونر فواد سرور نے کہا کہ وہ پی ایس ایل میں جدید منیجمنٹ، پیشہ ورانہ نظام اور اعلیٰ معیار کی کرکٹ کو یقینی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کی ٹیم شائقین کے اعتماد اور محبت کی لاج رکھے گی۔ٹیم سیالکوٹ کے اونر حمزہ مجید نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ شائقین کے جذبے اور محبت کی بھرپور نمائندگی کریں گے اور پی ایس ایل میں ایک نئی روح پھونکیں گے۔ان کے مطابق سیالکوٹ کی ٹیم میدان میں جدوجہد،وقار اور جذبے کی علامت بنے گی۔کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے پی ایس ایل کے مقابلے مزید سخت، دلچسپ اور یادگار ہو جائیں گے جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کے زیادہ مواقع ملیں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل آج صرف ایک لیگ نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے خوابوں،جذبوں اور کرکٹ کے روشن مستقبل کی امید بن چکی ہے۔








