امریکا کی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت

واشنگٹن۔13جنوری (اے پی پی):امریکی ورچوئل ایمبیسی ایران نےسفری انتباہ میں ترمیم کرتے ہوئے امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران میں جاری بدامنی کے پیشِ نظر فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔ شنہوا کے مطابق ورچوئل ایمبیسی نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی شہریوں کو انٹرنیٹ کی مسلسل بندش کی توقع رکھنی چاہیے، رابطے کے متبادل ذرائع کی منصوبہ بندی کریں اور اگر …

واشنگٹن۔13جنوری (اے پی پی):امریکی ورچوئل ایمبیسی ایران نےسفری انتباہ میں ترمیم کرتے ہوئے امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران میں جاری بدامنی کے پیشِ نظر فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔ شنہوا کے مطابق ورچوئل ایمبیسی نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی شہریوں کو انٹرنیٹ کی مسلسل بندش کی توقع رکھنی چاہیے، رابطے کے متبادل ذرائع کی منصوبہ بندی کریں اور اگر محفوظ ہو تو زمینی راستے سے آرمینیا یا ترکیہ کے ذریعے ایران سے روانگی پر غور کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا۔ایران دہری شہریت رکھنے والے افراد کو ایرانی پاسپورٹ پر ہی ایران سے نکلنا ہوگا کیونکہ ایرانی حکومت د ہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتی۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران میں امریکی شہریوں کو تفتیش، گرفتاری اور حراست میں لیے جانے کا سنگین خطرہ لاحق ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کئی ایئرلائنز نے ایران آنے اور جانے والی پروازیں محدود یا منسوخ کر دی ہیں جبکہ بعض نے جمعہ تک اپنی سروس معطل کر رکھی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ طویل عرصے سے ایران کو لیول 4 ’’سفر نہ کریں‘‘ کی درجہ بندی دے چکا ہے، اور خبردار کرتا رہا ہے کہ امریکی شہری کسی بھی وجہ سے ایران کا سفر نہ کریں جبکہ وہاں موجود افراد کو سنگین سکیورٹی خطرات کے باعث فوری طور پر ملک چھوڑ دینا چاہیے۔

ایران میں امریکا کا کوئی سفارت خانہ یا قونصلر موجودگی نہیں ہے جبکہ تہران میں سوئٹزرلینڈ کا سفارتخانہ امریکی مفادات کے محافظ ملک کے طور پر خدمات انجام دیتا ہے، تاہم یہ خدمات محدود ہیں۔واضح رہے کہ دسمبر کے آخر سے ایران کے مختلف شہروں میں قومی کرنسی ریال کی شدید قدر میں کمی اور دیرینہ معاشی مشکلات کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے درمیان جھڑپوں میں اموات میں مسلسل اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے۔