چین میں پاکستانی سفارتخانہ کا چین میں زیرِتعلیم اور پیشہ ور پاکستانیوں کیلئے جاب فیئر کا کامیابی سے انعقاد

بیجنگ ۔13جنوری (اے پی پی):چین میں پاکستانی سفارتخانہ نے چائنا اوورسیز ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور چائنہ انٹر نیشنل انٹیلیک ٹیک گروپ کے تعاون سے اتوار کے روز چین میں زیرِتعلیم اور پیشہ ور پاکستانیوں کے لیے ایک جاب فیئر کامیابی سے منعقد کیا۔ اس ایونٹ میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں آن سائٹ اور آن لائن تقریباً 2,000 افراد نے شرکت کی۔بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان …

بیجنگ ۔13جنوری (اے پی پی):چین میں پاکستانی سفارتخانہ نے چائنا اوورسیز ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور چائنہ انٹر نیشنل انٹیلیک ٹیک گروپ کے تعاون سے اتوار کے روز چین میں زیرِتعلیم اور پیشہ ور پاکستانیوں کے لیے ایک جاب فیئر کامیابی سے منعقد کیا۔ اس ایونٹ میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں آن سائٹ اور آن لائن تقریباً 2,000 افراد نے شرکت کی۔بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق مجموعی طور پر 372 پاکستانی امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے قریب 100 امیدواروں نے معروف چینی سرکاری اداروں (State-Owned Enterprises) کے نمائندوں کے ساتھ آن سائٹ ابتدائی انٹرویوز میں حصہ لیا۔

یہ سفارتخانے کے زیر قیادت پہلا اقدام تھا جس کا مقصد چین میں تربیت یافتہ پاکستانی پیشہ ور افراد کو براہِ راست چینی اداروں سے جوڑنا تھا۔جاب فیئر میں شریک سرکاری چینی ادارے جو پاکستان میں بڑے سرمایہ کاروں میں شمار ہوتے ہیں، توانائی، انفراسٹرکچر، انجینئرنگ اور متعلقہ صنعتوں سمیت مختلف شعبوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے جاب فیئر کو ایک پائلٹ اقدام قرار دیا، جس کا مقصد چینی بیرونِ ملک منصوبوں میں پاکستانی پیشہ ور افراد کی شناخت اور ان کی ملازمت کو سہل بنانا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین میں تعلیم یافتہ پاکستانی تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ چینی زبان اور ثقافتی فہم بھی رکھتے ہیں، جو انہیں نگران اور درمیانی انتظامی عہدوں کے لیے موزوں بناتا ہے۔ سفیر نے چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور اہل پاکستانی پیشہ ور افراد کو اداروں میں ضم کرنے کے لیے سفارت خانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جاب فیئر مہارتوں کی ترقی کو چینی سرمایہ کاری کی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، جن میں حال ہی میں منعقد ہونے والا دوسرا چین۔پاکستان زرعی معاملات پر مرکوز تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (TVET) فورم بھی شامل ہے، اور آئندہ پاکستان کے 21 ترجیحی شعبوں میں اسی نوعیت کے اقدامات کو وسعت دینے کے منصوبے ہیں۔

اس موقع پر صدر چین اوورسیز ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن ہی زین وی نے اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پاکستانی نوجوانوں کو چین۔پاکستان تعاون میں کردار ادا کرنے کے لیے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ چین انٹرنیشنل انٹیلیک ٹیک گروپ نے سرحد پار تعاون اور بیرونِ ملک منصوبوں میں معاونت فراہم کرنے والے ایک نمایاں انسانی وسائل کے ادارے کے طور پر اپنے کردار کو اجاگر کیا، جن میں پاکستان میں جاری پیشہ ورانہ تعلیم کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

جاب فیئر کے دوران شریک اداروں نے اپنے ملکی اور بین الاقوامی منصوبوں کا تعارف کرایا اور امیدواروں سے براہِ راست ملاقاتیں کیں۔ بھرتی کا عمل اب اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کے تحت شارٹ لسٹ امیدواروں سے مزید انٹرویوز اور حتمی انتخاب کے لیے انفرادی طور پر رابطہ کیا جائے گا، جو ابتدائی جائزے اور آن لائن جمع کرائی گئی سی ویز کی بنیاد پر ہوگا۔ یہ مرحلہ 31 جنوری 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔