یو این آر ڈبلیو او سے متعلق قوانین منسوخ نہ کیے تو اسرائیل کو عالمی عدالت لے جائیں گے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ۔14جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو او) کو نشانہ بنانے والے قوانین کو منسوخ نہ کیا اور قبضے میں لیے گئے اثاثے اور جائیدادیں واپس نہ کیں، تو اسے عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے گا۔العربیہ اردو کے مطابق اسرائیلی …

اقوام متحدہ۔14جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو او) کو نشانہ بنانے والے قوانین کو منسوخ نہ کیا اور قبضے میں لیے گئے اثاثے اور جائیدادیں واپس نہ کیں، تو اسے عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے گا۔العربیہ اردو کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے نام 8 جنوری کے ایک خط میں انتونیو گوتریش نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کے ان اقدامات پر خاموش نہیں رہ سکتا جو بین الاقوامی قانون کے تحت اس کی ذمے داریوں سے براہِ راست متصادم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کو بلا تاخیر واپس لیا جانا چاہیے۔اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے اکتوبر 2024 میں ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت یو این آر ڈبلیو اوکے اسرائیل میں کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی تھی اور حکام کو اس کے ساتھ رابطے سے روک دیا گیا تھا۔ اس کے بعد گزشتہ ماہ اس قانون میں ترمیم کی گئی تاکہ یو این آر ڈبلیو اوکی تنصیبات کو بجلی اور پانی کی فراہمی بند کی جا سکے۔علاوہ ازیں اسرائیلی حکام نے گزشتہ ماہ مشرقی بیت المقدس میں یو این آر ڈبلیو اوکے دفاتر پر قبضہ بھی کر لیا تھا۔

اقوام متحدہ مشرقی بیت المقدس کو اسرائیل کے زیرِ قبضہ علاقہ تسلیم کرتی ہے، جبکہ اسرائیل پورے شہر کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے۔اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے گزشتہ روزنیتن یاہو کے نام گوتریس کے خط کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیکرٹری جنرل کی دھمکیوں سے پریشان نہیں ہیں۔یو این آر ڈبلیو اوکے عملے کے دہشت گردی میں ناقابلِ تردید طور پر ملوث ہونے کے معاملے کو حل کرنے کے بجائےسیکرٹری جنرل اسرائیل کو دھمکیاں دینے کا انتخاب کر رہے ہیں۔ یہ بین الاقوامی قانون کا دفاع نہیں بلکہ دہشت گردی میں ملوث ایک تنظیم کا دفاع ہے۔