نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس، اسلام آباد میں سینٹر آف ایکسی لینس فار آٹزم کے قیام کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں 300 طلبہ پر مشتمل سینٹر آف ایکسی لینس فار آٹزم کے قیام کے حوالے سے ایڈوائزری بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں خصوصی طرز تعمیر، سٹافنگ، انسانی وسائل کے فریم ورک اور سروس ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے …

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں 300 طلبہ پر مشتمل سینٹر آف ایکسی لینس فار آٹزم کے قیام کے حوالے سے ایڈوائزری بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں خصوصی طرز تعمیر، سٹافنگ، انسانی وسائل کے فریم ورک اور سروس ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد بچوں اور ان کے خاندانوں کو عالمی معیار کی نگہداشت، شمولیت اور معاونت فراہم کرنا ہے۔

کمیٹی نے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ایک سال کے اندر سینٹر کی تکمیل کے لیے ٹائم لائنز کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں خصوصی طرز تعمیر، سٹافنگ، انسانی وسائل کے فریم ورک اور سروس ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی جس میں آٹزم کی دیکھ بھال میں عملی تجربہ رکھنے والے تربیت یافتہ ماہرین اور پیشہ ور افراد کی تعیناتی پر خصوصی زور دیا گیا۔ نائب وزیر اعظم نے ایک جامع اور قومی سطح کے طریقہ کار کی توثیق کی جس میں بچوں کے ساتھ کام کرنے والے افراد کی پس منظر کی جانچ، منظم تعلیمی ٹولز اور ابتدائی تشخیص و مداخلت کے لیے شواہد پر مبنی طریقہ کار شامل ہو۔

انہوں نے عالمی سطح کے معروف مراکز سے رابطہ قائم کر کے بہترین عالمی تجربات اور معیار اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے وزیر اعظم طارق باجوہ، سیکرٹری صحت، سپیشل سیکرٹری خزانہ، وزارت تعلیم اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام اور متعلقہ شعبے کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔