گرین سٹار اور حکومت پنجاب کا خواتین کے لیے صحت و خود روزگاری پروگرام کی پیش رفت تقریب

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):حکومت پنجاب کے اشتراک اور جرمن ترقیاتی بینک (کے ایف ڈبلیو) کے تعاون سےگرین سٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان نے ’’نجی صحت کے شعبے میں خواتین کی خود روزگاری، پنجاب‘‘ کے عنوان سے ایک اہم پروگرام کی تکمیلی و پیش رفت تقریب منعقد کی۔گرین سٹار پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب کی مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت و آبادی کی کوآرڈینیٹر سائرہ …

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):حکومت پنجاب کے اشتراک اور جرمن ترقیاتی بینک (کے ایف ڈبلیو) کے تعاون سےگرین سٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان نے ’’نجی صحت کے شعبے میں خواتین کی خود روزگاری، پنجاب‘‘ کے عنوان سے ایک اہم پروگرام کی تکمیلی و پیش رفت تقریب منعقد کی۔گرین سٹار پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب کی مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت و آبادی کی کوآرڈینیٹر سائرہ افضل تارڑ تھیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب ڈاکٹر خالد محمود اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی نے بطور مہمانان اعزاز شرکت کی۔یہ پروگرام پنجاب کے 14 اضلاع میں محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے قریبی تعاون سے نافذ کیا گیا جس کے تحت خواتین کے زیر انتظام نجی کلینکس کو سرکاری صحت کے نظام سے ہم آہنگ کیا گیا۔

پروگرام کا بنیادی مقصد اہل اور تربیت یافتہ خواتین صحت فراہم کنندگان کو بااختیار بناتے ہوئے انہیں نجی کلینکس کے قیام اور پائیداری میں معاونت فراہم کرنا تھا تاکہ وہ بنیادی صحت، ماں اور بچے کی صحت (ایم این سی ایچ) اور خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری خدمات کمیونٹی کی سطح پر فراہم کر سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن ہے کہ خواتین کو بااختیار بنا کر انہیں معاشی دھارے میں شامل کیا جائے اور یونین کونسل کی سطح تک صحت اور تعلیم کی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے جرمن حکومت کے تعاون سے کے ایف ڈبلیو اور گرین سٹار کے اشتراک سے جاری اس منصوبے کو ایک موثر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف بنیادی صحت اور ماں و بچے کی صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ تربیت یافتہ کمیونٹی مڈوائفز کے لیے باعزت خود روزگاری کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں جس سے غیر تربیت یافتہ دائیوں پر انحصار کم ہوا اور قیمتی جانوں کے تحفظ میں مدد ملی۔ انہوں نے جرمن حکومت اور گرین سٹار کو اس کامیاب منصوبے کی تکمیل اور پسماندہ علاقوں تک معیاری صحت کی سہولیات پہنچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر سید علی مہدی، ڈی جی ہیلتھ اینڈ پاپولیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو ترقی اور صحت کے شعبے میں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے اور یہ پروگرام حکومتی کوششوں کو مضبوط بناتے ہوئے دور دراز اور کم سہولیات یافتہ علاقوں تک بنیادی صحت اور ایم این سی ایچ خدمات کی رسائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ضلعی صحت کے اداروں کے ساتھ گرین سٹار کے قریبی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایک جانب تربیت یافتہ خواتین صحت کارکنوں کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے، تو دوسری جانب کمیونٹی کی سطح پر صحت کی بنیادی ضروریات کو موثر انداز میں پورا کرتا ہے۔یہ پروگرام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کے درمیان موثر اشتراک عمل کے ذریعے نہ صرف صحت کے بنیادی نظام کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنا کر صوبہ پنجاب میں صحت کے مجموعی نتائج کو بھی دیرپا بنیادوں پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔