اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سول سروس کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کارکردگی جانچنے کا جامع اور موثر نظام وضع کرنے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مجوزہ سول سروسز اصلاحات اور …
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مجوزہ سول سروسز اصلاحات اور وزارتوں میں کارکردگی کی جانچ کے نظام کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس
اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سول سروس کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کارکردگی جانچنے کا جامع اور موثر نظام وضع کرنے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مجوزہ سول سروسز اصلاحات اور وزارتوں میں کارکردگی کی جانچ کے نظام کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔
وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سول سروس کو بین الاقوامی معیار اور عالمی سطح کی کارکردگی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے وفاقی سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لئے جامع اور موثر نظام کی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں کی تحسین سول سروسز کی مجموعی بہتری کے لئے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ کمیٹی سول سروس میں ارتقائی مگر موثر اور جامع اصلاحاتی سفارشات جلد از جلد مرتب کرے۔ افسروں کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ان کی ترقی، مالی فوائد اور دیگر مراعات کا نظام وضع کرنے کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس میں اصلاحات کا مقصد موثر عوامی خدمت اور سہولیات کی فراہمی کے ذریعے عوام کی زندگی میں واضح بہتری کو یقینی بنانا ہے، معاشی آسودگی اور سماجی ہم آہنگی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمہ جہت سول سروس اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سول سروس کی مجوزہ اصلاحات میں سول انتظامیہ، تمام سروسز اور گروپس کے سٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سول سروس کسی بھی ملک کی گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کا بنیادی ڈھانچہ ہوتی ہے، افسران کی کارگردگی اور قابلیت کو دور حاضر کے عصری تقاضوں اور عالمی سطح کے معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے خصوصی سفارشات مرتب کی جائیں۔ سول سروسز اصلاحات کے لئے قائم کردہ کمیٹی ایسی سفارشات تجویز کرے جو قابل عمل، دیرپا اور موثر عوامی سہولت کا باعث بنیں۔
وزیراعظم نے سول سروسز اصلاحات پر کام کرنے والی کمیٹی کو افسروں کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ترقی، مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام کی سفارشات مرتب کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی اصلاحاتی اور عوام کی فلاح و بہبود پر مشتمل پالیسیوں کا ثمر عوام تک پہنچانے کے لئے سول سروسز ایک بنیادی ڈھانچے کا کردار ادا کرتی ہے۔
اجلاس میں سول سروسز اصلاحات پر قائم کردہ کمیٹی نے وزیراعظم کو اب تک کی مشاورت اور سفارشات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔









