اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ ایک سو، پانچ سو، ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کروائے جائیں گے،نئے کرنسی نوٹوں میں زیادہ بہتر سکیورٹی تھریڈ استعمال کیا جائے گا۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم …
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل، پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کا مسودہ مزید غور کیلئے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت
اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ ایک سو، پانچ سو، ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کروائے جائیں گے،نئے کرنسی نوٹوں میں زیادہ بہتر سکیورٹی تھریڈ استعمال کیا جائے گا۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہائوس میں ہوا۔ وفاقی کابینہ کو وزارت خزانہ کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری ہونے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کو جدید عصری تقاضوں کے حوالے سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ایک سو، پانچ سو، ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کروائے جائیں گے۔نئے کرنسی نوٹوں میں زیادہ بہتر سکیورٹی تھریڈ استعمال کیا جائے گا۔ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں پاکستان کی علاقائی اور جغرافیائی تنوع اور تاریخی یادگاروں کو جگہ دی گئی ہے جبکہ خواتین کی قومی ترقی میں شمولیت اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم معاشرتی موضوعات کو بھی ڈیزائن کا حصہ بنایا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کی گئی پرائیویٹ حج آپریٹرز کمپنیز کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ کے حوالے سے پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کا مسودہ کابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں مزید غور کے لئے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔









