فیفا کو ورلڈ کپ ٹکٹوں کے لئے 211 ممالک سے 50 کروڑ درخواستیں موصول

زیورخ۔15جنوری (اے پی پی):فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ہونے والے23ویں فیفا ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لئے دنیا بھر سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے اور 211 ممالک اور خطّوں سے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، حالانکہ ٹکٹوں کی بلند قیمتوں پر تنازع بھی جاری ہے۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یہ میگا ایونٹ امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو میں …

زیورخ۔15جنوری (اے پی پی):فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ہونے والے23ویں فیفا ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لئے دنیا بھر سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے اور 211 ممالک اور خطّوں سے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، حالانکہ ٹکٹوں کی بلند قیمتوں پر تنازع بھی جاری ہے۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یہ میگا ایونٹ امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جبکہ ٹکٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے قرعہ اندازی (لاٹری) میں شمولیت کی درخواستو ں کی وصولی گزشتہ منگل کو بند کر دی گئی تھی۔ تنظیم نے بتایا کہ شائقین کو اپنی درخواستوں کے کامیاب یا ناکام ہونے سے متعلق آگاہی 5 فروری سے پہلے نہیں دی جائے گی۔

فیفا کے بیان کے مطابق میزبان ممالک کے علاوہ سب سے زیادہ ٹکٹوں کی درخواستیں جرمنی، انگلینڈ، برازیل، سپین، پرتگال، ارجنٹائن اور کولمبیا سے موصول ہوئیں۔ کولمبیا اور پرتگال کے درمیان 27 جون کو امریکی کے شہر میامی میں شیڈول میچ کے ٹکٹوں کے لیے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، اس کے بعد 18 جون کو گواڈالاہارا میں میکسیکو اور جنوبی کوریا کا میچ اور 19 جولائی کو نیو جرسی میں شیڈول ورلڈ کپ فائنل بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہاہے کہ صرف ایک ماہ سے کچھ زائد عرصے میں 50 کروڑ ٹکٹوں کے لئے درخواستیں فٹبال کے کھیل سے عالمی وابستگی کا ایک واضح اظہار ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیفا کی واحد تشویش یہ ہے کہ سٹیڈیمز کی محدود گنجائش کے باعث ہر شائق کو براہِ راست میچ دکھانے کا موقع فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب، فیفا کو 48 ٹیموں پر مشتمل اس ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ شائقین کی تنظیموں نے قیمتوں کو انتہائی مہنگا اور آسمان سے باتیں کرنے والا قرار دیا ہے۔فٹبال سپورٹرز یورپ (ایف ایس ای )کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتیں 2022 کے قطر ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ ہیں۔ اس تنقیدکے بعد فیفا نے دسمبر میں کم قیمت ٹکٹوں کا نیا زمرہ متعارف کرایا، جس کی قیمت 60 امریکی ڈالر (51 یورو) مقرر کی گئی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو میچ دیکھنے کا موقع مل سکے۔

مزید خبریں