لاہور۔18جنوری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو افریقی منڈیوں کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے مربوط تجارتی حکمت عملی کی ضرورت ہے، اس کی بنیاد مضبوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر استوار ہونی چاہیے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمدات میں تنوع اور طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دے کر …
افریقی منڈی سے فائدہ اٹھانے کیلئے مربوط تجارتی حکمت عملی کی ضرورت ہے، افتخار علی ملک

مزید خبریں
لاہور۔18جنوری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو افریقی منڈیوں کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے مربوط تجارتی حکمت عملی کی ضرورت ہے، اس کی بنیاد مضبوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر استوار ہونی چاہیے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمدات میں تنوع اور طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دے کر تجارت اور ترقی کے نئے در کھولے جا سکتے ہیں، تجارتی عدم توازن کو کم اور پائیدار اقتصادی لچک کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ افریقہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے خطے کے طور پر ابھر رہا ہے اور یہ پاکستان کے لیے اپنی تجارت کو متنوع بنانے، برآمدات بڑھانے اور سفارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کا ایک نادر موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1.4 بلین سے زیادہ آبادی، متوسط طبقے میں اضافہ اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی مانگ سے ہمیں بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا (اے ایف سی ایف ٹی اے) ممالک کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا آزاد تجارتی خطہ ہے۔ رکن ممالک کے ساتھ فعال شمولیت سے پاکستان اس مارکیٹ تک ترجیحی رسائی، ٹیرف رکاوٹوں کو کم اور علاقائی ویلیو چینز میں انضمام کو ممکن بنا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی روایتی برآمدی منڈیاں چند خطوں اور ملکوں تک محدود ہیں، جس سے معیشت کو بیرونی خطرات لاحق ہیں، تجارت کے علاوہ افریقہ میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی تعاون کے مواقع بھی موجود ہیں۔ اسی طرح زراعت، صحت، تعلیم، تعمیرات اور چھوٹے پیمانے پر مینوفیکچرنگ میں پاکستان کی مہارت ہمارے بزنس کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بہتر بینکنگ سسٹم و روابط، اچھی لاجسٹک سہولیات اور براہ راست ترسیل کا نظام تجارت و برآمدات کے بہائو کو سہل بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔








