میڈ اِن پاکستان الیکٹرک وشمسی توانائی سے چلنے والی بائیک،کار و بس کمپنی کی لانچنگ تقریب، سیف الملوک کھوکھر و فیصل ایوب کھوکھر نے افتتاح کیا

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار دی پروموشن آف سوشل سائنسز (آئی یو سی پی ایس ایس) کے زیرِ اہتمام پاکستان کی پہلی میڈ اِن پاکستان الیکٹرک اور شمسی توانائی سے چلنے والی الیکٹرک بائیک، کار اور بس کمپنی کی لانچنگ تقریب اتوار کے روزیہاں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر اور صوبائی وزیر کھیل و توانائی فیصل ایوب کھوکھر تھے جبکہ …

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار دی پروموشن آف سوشل سائنسز (آئی یو سی پی ایس ایس) کے زیرِ اہتمام پاکستان کی پہلی میڈ اِن پاکستان الیکٹرک اور شمسی توانائی سے چلنے والی الیکٹرک بائیک، کار اور بس کمپنی کی لانچنگ تقریب اتوار کے روزیہاں منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر اور صوبائی وزیر کھیل و توانائی فیصل ایوب کھوکھر تھے جبکہ کوآرڈینیٹر ٹو منسٹر عطاء فرید چوہدری، کوآرڈینیٹر ٹو منسٹر ملک منظور کھوکھر اور نیشنل کوآرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم محمد مرتضی نور نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پرمہمان خصوصی نے میڈ اِن پاکستان الیکٹرک کار کا باضابطہ افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و توانائی فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ الیکٹرک اور شمسی توانائی پر مبنی ٹرانسپورٹ کا آغاز پاکستان میں توانائی بحران کے حل، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور مقامی صنعت کے فروغ کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں صوبائی سطح پر جلد یوتھ ایکسپو کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نوجوان ماحولیاتی توانائی، الیکٹرک ٹرانسپورٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق اپنے آئیڈیاز اور پروجیکٹس پیش کریں گے۔

رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے اپنے خطاب میں آئی یو سی پیایس ایس اور متعلقہ اداروں کو اس کامیاب اور قومی سطح کے منصوبے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈ اِن پاکستان الیکٹرک بائیک، کار اور بس نہ صرف پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے میں مدد دیں گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کو جدید تحقیق و صنعتی ترقی سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس قسم کے منصوبے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی کی سطح پر ایسے منصوبوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے الیکٹرک وہیکلز کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس اقدام کو پاکستان میں گرین انرجی اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

مزید خبریں