سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات

بیجنگ ۔20جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کو یہاں نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی جس میں سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں چین کا دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک چین سدا بہار دوستی، سٹریٹجک شراکت داری، پارلیمانی رابطوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر …

بیجنگ ۔20جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کو یہاں نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی جس میں سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں چین کا دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک چین سدا بہار دوستی، سٹریٹجک شراکت داری، پارلیمانی رابطوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے،پاک-چین دوستی باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ دوستی کے اٹوٹ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے پاک چین پارلیمانی روابط کے فروغ اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی رابطوں میں فروغ سے دوطرفہ تعلقات اور سٹرٹیجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔پاک- چین سٹرٹیجک شراکت داری خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ 75 سالوں پر محیط دوستی و باہمی احترام پر مبنی پاک-چین پارلیمانی و سفارتی تعلقات دنیا کیلئے مثال ہیں۔پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبہ پورے خطے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے پاک-چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دوطرفہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے تیزی سے ترقی کی منازل طے کی ہیں، جو دنیا کے لیے مثال ہیں۔ شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا ویژن خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے چیئرمین این پی سی ژاؤ لیجی کی جانب سے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لیجی نے سپیکر سردار ایاز صادق کے چین سے متعلق تاثرات کو سراہا اورکہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چیئرمین ژاؤ لیجی نے سپیکر سردار ایاز صادق کی دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں روابط کو مزید فروغ دینے کی تجویز سے اتفاق کیا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔چیئرمین ژاؤ لیجی نے پاکستان کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔