آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میں نیدرلینڈز، امریکا اور تھائی لینڈ کی سنسنی خیز مقابلوں میں کامیابیاں

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر 2026 میں نیدرلینڈز، امریکا اور تھائی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کیں جبکہ بنگلہ دیش نے نسبتا آرام دہ فتح سمیٹی۔ تین میچز آخری لمحات تک گئے اور شائقین کو بھرپور ڈراما دیکھنے کو ملا۔نیدرلینڈز نے اسکاٹ لینڈ کو سات رنز سے شکست دی۔ اسٹرے کالس نے شاندار ناقابلِ شکست 87رنز بنائے، جس میں 14چوکے …

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر 2026 میں نیدرلینڈز، امریکا اور تھائی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کیں جبکہ بنگلہ دیش نے نسبتا آرام دہ فتح سمیٹی۔ تین میچز آخری لمحات تک گئے اور شائقین کو بھرپور ڈراما دیکھنے کو ملا۔نیدرلینڈز نے اسکاٹ لینڈ کو سات رنز سے شکست دی۔ اسٹرے کالس نے شاندار ناقابلِ شکست 87رنز بنائے، جس میں 14چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

وہ اس وقت بیٹنگ کے لیے آئیں جب ٹیم دو وکٹ پر 27رنز پر تھی اور اپنی ٹیم کو 157رنز تک پہنچایا۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ریچل سلیٹر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کیتھرین فریزر، کپتان کیتھرین برائس اور سارہ برائس نے عمدہ بیٹنگ کی، مگر آخری اوور میں 11رنز درکار تھے جہاں ہیدر سیگرز نے دبا میں صرف تین رنز دے کر نیدرلینڈز کو فتح دلا دی۔امریکا نے نمیبیا کے خلاف چار وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

نمیبیا کی یاسمین خان نے 47گیندوں پر 74رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تاہم تارا نورس نے تین وکٹیں لے کر امریکا کو واپسی کا موقع دیا۔ جواب میں امریکا ایک موقع پر 75رنز پر چار وکٹیں گنوا چکا تھا لیکن ایلا کلیریج نے 70رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا۔ ان کے آوٹ ہونے کے بعد رتو سنگھ نے تیز رفتار 21رنز بنا کر امریکا کو چار گیندیں پہلے ہدف تک پہنچا دیا۔تھائی لینڈ اور زمبابوے کے درمیان مقابلہ ٹورنامنٹ کا سب سے سنسنی خیز میچ ثابت ہوا، جہاں تھائی لینڈ نے صرف ایک رن سے فتح حاصل کی۔

تھائی لینڈ کی ابتدائی وکٹ جلد گر گئی مگر نناپت کونچارونکائی نے 54 رنز بنائے۔ آخر میں ٹیم 115 رنز پر سات وکٹ کھو بیٹھی۔ زمبابوے کی جانب سے مودیسٹر موپاچیکوا اور کیلس ندھلووو نے اچھی بیٹنگ کی۔ آخری اوور میں نو رنز درکار تھے اور آخری گیند پر دو رنز چاہیے تھے، مگر گیند سیدھی بولر کے ہاتھ میں گئی اور رن آوٹ کے ساتھ ہی تھائی لینڈ نے ایک یادگار جیت حاصل کر لی۔

بنگلہ دیش نے پاپوا نیو گنی کو 30 رنز سے شکست دے کر گروپ اے میں مسلسل دوسری فتح حاصل کی۔ دِلارا اختر اور شرمین اختر نے مضبوط آغاز فراہم کیا، جس کے بعد شرنا اختر نے صرف 14 گیندوں پر 37 رنز بنا کر رفتار تیز کی جبکہ سوبھانا مستری نے ناقابلِ شکست 34 رنز اسکور کیے۔

جواب میں پاپوا نیو گنی ایک وقت 98 رنز پر دو وکٹ کے نقصان پر مضبوط پوزیشن میں تھا لیکن کپتان برینڈا تا کی آوٹ ہونے کے بعد ٹیم کی رفتار ٹوٹ گئی۔ بنگلہ دیش کے چھ مختلف بولرز نے وکٹیں حاصل کر کے ایک جامع فتح یقینی بنائی۔