نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل نے آئی سی سی مینز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

لاہور۔21جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی مینز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھارت میں کھیلی گئی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی جو بھارت میں اس کی پہلی ون ڈے سیریز فتح ہے۔ڈیرل مچل …

لاہور۔21جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی مینز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھارت میں کھیلی گئی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی جو بھارت میں اس کی پہلی ون ڈے سیریز فتح ہے۔ڈیرل مچل نے اندور میں کھیلے گئے آخری میچ میں کیریئر کی بہترین 137 رنز کی اننگز کھیلی اور سیریز میں مجموعی طور پر 352 رنز بنا کر پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

یہ بھارت میں تین یا اس سے کم میچوں کی سیریز میں کسی بھی مہمان بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ انہوں نے پہلے میچ میں 84 اور دوسرے میچ میں ناقابلِ شکست 131 رنز اسکور کیے تھے۔مچل اس وقت 845 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کی بہترین سطح پر ہیں، جو کسی بھی کیوی بلے باز کے لیے دوسری بہترین ریٹنگ ہے۔ اس سے بہتر ریٹنگ صرف گلین ٹرنر نے جون 1983 میں 854 پوائنٹس کے ساتھ حاصل کی تھی۔ مچل اس سے قبل نومبر میں تین دن کے لیے نمبر ون رہے تھے، جس کے بعد روہت شرما پہلی بار اپنے کیریئر میں سرفہرست آئے تھے۔

ویرات کوہلی کی نمبر ون پوزیشن مختصر ثابت ہوئی اور اب وہ مچل سے 50 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔اسی طرح نیوزی لینڈ کے گلین فلپس نے آخری میچ میں 106 رنز بنانے کے بعد کیریئر کی بہترین 20ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ ول ینگ 10 درجے ترقی کے ساتھ 44ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ کے ایل راہل بھی ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔مائیکل بریسویل نے تینوں شعبوں میں بہتری دکھائی ہے۔ وہ بلے بازوں میں چار درجے ترقی کے ساتھ 64ویں، بولرز میں چھ درجے بہتری کے ساتھ 33ویں اور آل رائونڈرز میں چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی بولرز میں ہرشیت رانا نے 27 درجے ترقی کے ساتھ 50ویں اور ارشدیپ سنگھ نے 15 درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ 54ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں افغانستان کے ابراہیم زدران پانچ درجے ترقی کے ساتھ 15ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس پہلی ٹی ٹوئنٹی کے بعد چھ درجے بہتری کے ساتھ 51ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔افغانستان کے اسپنرزراشد خان اور مجیب الرحمن دو دو درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب دوسری اور 14ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے اسپنر گڈاکیش موٹی 48ویں سے 41ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔