آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان گروپ مرحلے کا آخری میچ جمعرات کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا

لاہور۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں کل جمعرات کو زمبابوے انڈر 19کے خلاف میدان میں اترے گی۔ یہ میچ ہرارے کے تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔گروپ سی میں شامل ایشین چمپئن پاکستان نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں، جن میں سے اس نے ایک میچ میں فتح حاصل کی اور ایک …

لاہور۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں کل جمعرات کو زمبابوے انڈر 19کے خلاف میدان میں اترے گی۔ یہ میچ ہرارے کے تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔گروپ سی میں شامل ایشین چمپئن پاکستان نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں، جن میں سے اس نے ایک میچ میں فتح حاصل کی اور ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کپتان فرحان یوسف کی قیادت میں پاکستانی ٹیم حال ہی میں زمبابوے میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز جیت کر آئی ہے جہاں فائنل میں میزبان ٹیم کو نو وکٹوں سے شکست دی گئی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ کھلاڑی اس اہم مقابلے میں بھی اسی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے ہوگا جبکہ ٹاس صبح 9 بجے کیا جائے گا۔ پاکستان میں میچ براہِ راست پی ٹی وی اسپورٹس اور جیو سپر پر دکھایا جائے گا جبکہ مائیکو، تماشا، اے آر وائی زیپ اور ٹیپ میڈ پر آن لائن اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔پاکستان اور زمبابوے کی انڈر 19ٹیمیں اب تک 18مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں پاکستان نے 15 میچز جیتے، زمبابوے کو ایک کامیابی ملی، جبکہ دو میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق چار گروپس پر مشتمل 16 ٹیموں کے اس ایونٹ میں ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

گروپ سی سے کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں گروپ بی کی ٹاپ تین ٹیموں کے ساتھ شامل ہوں گی۔اس وقت پاکستان گروپ سی میں دوسری پوزیشن (C2) پر موجود ہے اور امکان ہے کہ سپر سکس مرحلے میں 27 جنوری کو گروپ بی کی تیسری ٹیم سے ہرارے اسپورٹس کلب میں مقابلہ کرے گا، جبکہ یکم فروری کو کوئنز اسپورٹس کلب، بلاوایو میں گروپ بی کی سرفہرست ٹیم سے ٹکر ہوگی۔سپر سکس مرحلے کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 3 اور 4 فروری کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 6 فروری کو ہرارے اسپورٹس کلب میں ہوگا۔سس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اولڈ ہریرینز گرانڈ میں ہیڈ کوچ شاہد انور کی زیر نگرانی دو گھنٹے سے زائد طویل پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، جس میں نیٹس اور فیلڈنگ ڈرلز شامل تھیں۔

پریکٹس سیشن کے بعد دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عبدالصبحان نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:کہ ہم آنے والے میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پریکٹس میں ہم نے بہت محنت کی ہے۔ میں نے بیٹنگ پر خصوصی توجہ دی ہے اور کوچز کی رہنمائی سے میری بیٹنگ میں پاور اور روانی آئی ہے۔ ٹیم کا مومینٹم اچھا ہے اور یہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ جیت ہمیں اگلے مرحلے کے لیے اعتماد دے گی۔