انگلینڈ نے 2005 ایشز سیریزکے فاسٹ بولنگ کوچ ٹرائے کولی کو دوبارہ مقرر کر لیا

لندن ۔22جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے اپنے کوچنگ سٹاف میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 2005 کی تاریخی ایشز سیریز کے فاسٹ بولنگ کوچ ٹرائے کولی کو ایک بار پھر قومی پیس بولنگ لیڈ مقرر کر دیا ہے۔60 سالہ آسٹریلوی کوچ ٹرائے کولی 2005 کی ایشز سیریزمیں انگلینڈ کے کوچنگ سیٹ اپ کا نمایاں حصہ تھے اور 2006 میں عہدہ چھوڑنے کے بعد اب تقریباً دو دہائیوں …

لندن ۔22جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے اپنے کوچنگ سٹاف میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 2005 کی تاریخی ایشز سیریز کے فاسٹ بولنگ کوچ ٹرائے کولی کو ایک بار پھر قومی پیس بولنگ لیڈ مقرر کر دیا ہے۔60 سالہ آسٹریلوی کوچ ٹرائے کولی 2005 کی ایشز سیریزمیں انگلینڈ کے کوچنگ سیٹ اپ کا نمایاں حصہ تھے اور 2006 میں عہدہ چھوڑنے کے بعد اب تقریباً دو دہائیوں بعد واپسی کر رہے ہیں۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ان کی تقرری کا حالیہ ایشز میں 1-4 کی شکست سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں ہے۔

ٹرائے کولی کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب انگلینڈ نے حال ہی میں کارل ہوپکنسن کو قلیل مدتی فیلڈنگ کوچ کے طور پر دوبارہ شامل کیا، خاص طور پر ایشز سیریز میں فیلڈنگ کی کمزوریوں کے بعد۔ تاہم ٹرائے کولی کا کردار زیادہ وسیع ہوگا اور وہ انگلینڈ مینز ٹیم کے ساتھ ساتھ لائنز اور ینگ لائنز کے فاسٹ بولرز کی کوچنگ اور ترقی کے ذمہ دار ہوں گے۔انگلینڈ کے مردوں کی سینئر ٹیم کے پاس 2022 کے بعد سے کوئی مستقل فاسٹ بولنگ کوچ نہیں تھا، جب برینڈن میک کولم کے پہلے سمر میں جون لیوس نے عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ اس دوران جیمز اینڈرسن، ٹم ساؤتھی اور ڈیوڈ سیکر مختلف اوقات میں عارضی کنسلٹنٹس کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق، ٹرائے کولی کی تقرری پر کچھ عرصے سے کام ہو رہا تھا۔ وہ نیل کلیین سے اوپر کام کریں گے، جنہیں 2023 میں ایلیٹ فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ ٹرائےکولی اگرچہ مکمل طور پر انگلینڈ کی سینئر ٹیم کے ساتھ وابستہ نہیں ہوں گے، تاہم وقتاً فوقتاً ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔اپنے پہلے دور کے بعد ٹرائے کولی کرکٹ آسٹریلیا اور بھارت کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ساتھ بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔یہ تقرری برینڈن میک کولم کے اس سابقہ مؤقف کے برعکس ہے، جس میں انہوں نے بیک روم سٹاف کو محدود کرنے کی کوشش کی تھی۔

انگلینڈ نے ایشز سیریز میں بغیر کسی خصوصی فیلڈنگ کوچ کے شرکت کی تھی، جہاں ٹیم نے مجموعی طور پر 18 کیچ چھوڑے۔کارل ہوپکنسن 2024 کے اختتام پر سیٹ اپ سے الگ ہو گئے تھے، تاہم اب وہ سری لنکا کے دورے کے ٹی ٹونٹی مرحلے اور اس کے بعد ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے دوبارہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں فیلڈنگ فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے اور ایک کیچ میچ جتوا یا ہرا سکتا ہے۔ ان کے مطابق فیلڈنگ میں بہتری ٹیم کے لیے نہایت اہم ہے۔