وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

راولپنڈی۔ 23 جنوری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) ظفر الحق حجازی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ٹیکس گزاروں کے حقوق کے مکمل تحفظ اور بزنس کمیونٹی کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ وفاقی ٹیکس محتسب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی چیمبر …

راولپنڈی۔ 23 جنوری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) ظفر الحق حجازی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ٹیکس گزاروں کے حقوق کے مکمل تحفظ اور بزنس کمیونٹی کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ وفاقی ٹیکس محتسب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی چیمبر کا پہلا دورہ تھا۔اپنے خطاب میں ظفر الحق حجازی نے کہا کہ ٹیکس گزاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ تجاویز میں اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ٹیکس دہندگان کو کسی قسم کی ہراسمنٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کے خلاف شکایت درج کروانے اور اپیل دائر کرنے کا وقت کم کر کے ایک دن کر دیا گیا ہے،اب شکایت کا جائزہ لے کر اسی دن اپیل کے لیے مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ بزنس مین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ایک اہم ادارہ ہے اور اس نے تاجروں کی شکایات کے بروقت ازالے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایف ٹی او کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی بدولت بزنس کمیونٹی کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔گروپ لیڈر آر سی سی آئی سہیل الطاف نے کہا کہ ایف ٹی او کے دفتر پر بزنس کمیونٹی کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کو ٹیکس دینے پر کوئی اعتراض نہیں، اصل مسئلہ ایف بی آر کے طریقہ کار ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بطور ودہولڈنگ ایجنٹس بزنس کمیونٹی ایف بی آر کے لیے بغیر کسی معاوضے کے ٹیکس جمع کر کے دیتی ہے لیکن اس کے باوجود کوئی کریڈٹ یا سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس وصولی کے عمل میں بزنس مین کو ایف بی آر کا پارٹنر تسلیم کیا جائے۔