راولپنڈی۔23جنوری (اے پی پی):سربراہ ٹی این ایف جے علامہ سید حسین مقدسی کے اعلان کے مطابق قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا قائم کردہ ہفتہ ولائے محمد و آل محمد کی تقاریب کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ اس مناسبت سے جمعۃ المبارک 3 شعبان المعظم کونواسہ رسول سید الشہداء حضرت امام حسین ابنِ علی کے جشنِ ولادت پرنور کی عظیم الشان تقاریب …
حضرت امام حسین ابن علی کا یوم ولادت جوش ایمانی کے ساتھ منایا گیا، محافل میلاد کا ملک گیر انعقاد

مزید خبریں
راولپنڈی۔23جنوری (اے پی پی):سربراہ ٹی این ایف جے علامہ سید حسین مقدسی کے اعلان کے مطابق قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا قائم کردہ ہفتہ ولائے محمد و آل محمد کی تقاریب کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ اس مناسبت سے جمعۃ المبارک 3 شعبان المعظم کونواسہ رسول سید الشہداء حضرت امام حسین ابنِ علی کے جشنِ ولادت پرنور کی عظیم الشان تقاریب کا انعقاد کیا گیا، مساجد وامام بارگاہوں اور اولیاء کے مزارات و درباروں پر چراغاں کیا گیا اور نذر ونیاز و تبرک کا اہتمام کیا گیا۔ اس مناسبت سے ہیت طلباء اسلامیہ کے زیر اہتمام مرکزی میلاد ہیڈکوارٹر مکتب تشیع علی مسجد عزاخانہ معصومہ قم علیہ السلام میں منعقد کیا گیا۔ جس سے علمائے کرام، ذاکرین و منقبت خوانوں نے خطاب کر کے بارگاہِ امام عالی مقام میں ہدیہ عقیدت پیش کیا جبکہ مقررین نے فضائل و مناقب اور شان وعظمت بیان کی۔
مقررین نے تین شعبان کو پنجتن کی تکمیل، اہلِ مودۃ کو نجات کی سبیل کا یومِ سعید قرار دیا۔ مرکزی سیکریٹری اطلاعات ٹی این ایف جے علامہ سید قمر حیدر زیدی نے مرکزی محفل سے خطاب کیا اور تین شعبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام انسانیت کے نجات دہندہ ہیں جن کا اسوہ حریت پسندوں کے لیے مینارہ نور ہے۔
انہوں نے کہا کہ استعماری قوتیں جس نام سے لرزتی ہیں اور جس جذبہ سے خوفزدہ ہیں وہ سرخیل احرارِ بشریت امام حسین ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ شیرِ خدا حضرت علی ابن ابی طالب کی شجاعتوں کا مجموعہ کربلا میں امام حسین نے پیش کیا اور ہاتفِ غیبی کو نفسِ مطمئنہ کہہ کر حسین ابنِ علی کو روکنا پڑا۔ جشن سے مولانا وقار نقوی ، سید حسن کاظمی، گولڈ میڈلسٹ منقبت خوان سید حسن نقوی، اور طلاب دینی نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ انجمن فیض پنجتن کے زیر اہتمام امام بارگاہ زین العابدین سیٹلائٹ ٹاؤن میں خواتین کی میلاد کا انعقاد کیا گیا جس سے ذاکرات و عالمات نے خطاب کیا۔
اس موقع پر قصیدہ خوانی کی گئی اور جشن کا کیک کاٹا گیا۔امام بارگاہ قصر حسین چکری میں چوہدری فرخ رضا کے زیر اہتمام عظیم الشان جشنِ ولادتِ پر نور امام حسین کا انعقاد کیا گیا ملک کے نامور علماء و ذاکرین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی، دربار عالیہ سخی شاہ پیارا کاظمی چوہڑ ہڑپال میں جشنِ میلاد کا اہتمام کیا گیا جس سے ملک کے نامور علماء و ذاکرین نے خطاب کیا، مرکزی ماتمی دستہ شاہ پیارا نے قصیدہ خوانی کی اور کیک کشائی کی گئی۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں جشنِ میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا جن میں بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔








