اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجینسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر(این ای او سی)کے مطابق ملک کے مختلف حصوں کے لئے 23 سے 29 جنوری تک موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ایڈوائزری …
این ڈی ایم اے کا پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجینسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر(این ای او سی)کے مطابق ملک کے مختلف حصوں کے لئے 23 سے 29 جنوری تک موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق بالائی اور شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید برف باری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری متوقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور شمالی اضلاع میں بھی برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے جبکہ برف باری کے باعث رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ 24 جنوری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر متوقع ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ برف باری اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دورانِ سفر انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری مکمل رکھنے، ضروری مشینری اور وسائل کی بروقت دستیابی یقینی بنانے اور برف ہٹانے والی مشینری و رسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر(این ای او سی) صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ اداروں تک بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔عوام سے کہا گیا ہے کہ موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی کے لئے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔








