راولپنڈی۔24جنوری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پنجاب کی سطح پر منعقد ہونے والی بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ 2025-26 کی اختتامی تقریب وقارالنساء کالج برائے خواتین راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ میں پنجاب کے چھ ڈویژنز راولپنڈی، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا اور ملتان کی بوائز اور گرلز ٹیموں نے شرکت کی اور اعلیٰ معیار کے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی …
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب،وفاقی وزیرحنیف عباسی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

مزید خبریں
راولپنڈی۔24جنوری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پنجاب کی سطح پر منعقد ہونے والی بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ 2025-26 کی اختتامی تقریب وقارالنساء کالج برائے خواتین راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ میں پنجاب کے چھ ڈویژنز راولپنڈی، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا اور ملتان کی بوائز اور گرلز ٹیموں نے شرکت کی اور اعلیٰ معیار کے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی تھے جبکہ ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان بھی موجود تھیں۔
تقریب میں تعلیمی و کھیلوں سے وابستہ شخصیات، کالج کی پرنسپل، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمانان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس نوعیت کے ٹورنامنٹس نہ صرف نوجوانوں میں جسمانی فٹنس کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ جیسی اقدار کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ طلبہ و طالبات کو صحت مند اور متحرک ماحول میسر آسکے۔
تقریب کے دوران کامیاب ٹیموں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔ مہمانان خصوصی نے کھلاڑیوں کو آئندہ بھی قومی اور صوبائی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے کی تلقین کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کے ہمراہ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔ شرکاء نے اس ٹورنامنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلبہ میں صحت مند مقابلے اور کھیلوں کے کلچر کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اختتام پر انتظامیہ کی جانب سے مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا گیا۔








