چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا

لاہور۔25جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موقف پر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا۔ کھلاڑیوں نے محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔اس موقع پر …

لاہور۔25جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موقف پر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا۔ کھلاڑیوں نے محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈکپ نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف اصولوں پر مبنی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی ہے اور پاکستانی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں اور سب کو کرکٹ کے اصولوں کے مطابق چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر لحاظ سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں، جبکہ کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی نظریں پاک آسٹریلیا سیریز پر ہیں اور وہ بجا طور پر قومی ٹیم سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔اس موقع پر کھلاڑیوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پی سی بی کے اصولی موقف کے ساتھ ہیں۔ ملاقات میں کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ، عاقب جاوید، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔