ایما رادوکانُو نے آسٹریلین اوپن سے اخراج کے بعد کوچ فرانسس روئگ سے راہیں جدا کر لیں

لندن۔30جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کی نمبر ون ٹینس سٹار ایما رادوکانُو نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں ناکامی کے بعد اپنے کوچ فرانسس روئگ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔بی بی سی کے مطابق 23 سالہ ایما رادوکانُو کو میلبورن پارک میں کھیلے گئے مقابلے میں آسٹریا کی اناستاسیا پوٹاپووا کے ہاتھوں سٹریٹ سیٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ناکامی …

لندن۔30جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کی نمبر ون ٹینس سٹار ایما رادوکانُو نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں ناکامی کے بعد اپنے کوچ فرانسس روئگ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔بی بی سی کے مطابق 23 سالہ ایما رادوکانُو کو میلبورن پارک میں کھیلے گئے مقابلے میں آسٹریا کی اناستاسیا پوٹاپووا کے ہاتھوں سٹریٹ سیٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ناکامی کے فوراً بعد ایما رادوکانُو اور فرانسس روئگ کے درمیان تعاون ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایما رادوکانُو اور فرانسس روئگ نے گزشتہ سال اگست میں ایک ساتھ کام کا آغاز کیا تھا۔

فرانسس روئگ وہی کوچ ہیں جنہوں نے سپین کے لیجنڈ رافیل نڈال کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان کے 22 گرینڈ سلام ٹائٹلز میں سے 16 میں اہم کردار ادا کیا۔ایما رادوکانُو نے انسٹاگرام پر جاری پیغام میں کہا کہ وہ فرانسس روئگ کے ساتھ گزارے گئے وقت کی شکر گزار ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی رضامندی سے آگے نہ بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آسٹریلین اوپن سے اخراج کے بعد ایما رادوکانُو نے اپنی کھیل کی حکمت عملی پر بھی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ زیادہ جارحانہ انداز میں کھیلنا چاہتی ہیں اور گیند کو تیزی سے کونے میں مارنے پر توجہ دینا چاہتی ہیں، جیسا کہ وہ کم عمری میں کھیلتی تھیں۔ ان بیانات کے بعد کوچ اور کھلاڑی کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیاں سامنے آئیں، جن کی بعد میں تصدیق بھی ہو گئی۔

فرانسس روئگ کی رخصتی کے بعد ایما رادوکانُو اب اپنے کیریئر کے دسویں کوچ کی تلاش میں ہیں۔ وہ 2021 میں یو ایس اوپن جیتنے کے بعد سے متعدد کوچز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ایما رادوکانُو کا اگلا ٹورنامنٹ ٹرانسلوانیا اوپن ہے، جو رومانیہ میں یکم سے 7 فروری تک کھیلا جائے گا، جہاں وہ نئے کوچ کے بغیر شرکت کریں گی۔واضح رہے کہ ایمارادوکانُو کو 2021 میں یو ایس اوپن جتوانے والے کوچ اینڈریو رچرڈسن بھی مختصر مدت کے لیے ان کے ساتھ رہے تھے، جبکہ دیگر کوچز میں نائیجل سیئرز، ٹوربن بیلز، دمتری ترسونوف اور مارک پیچی جیسے نام شامل ہیں۔