پی سی بی فیوچر سٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز 11 فروری سے ہو گا، اوپن ٹرائلز یکم مئی تک ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے،عاقب جاوید ،عبداللہ خرم کی پریس کانفرنس

لاہور۔30جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پاکستان کرکٹ بورڈ عاقب جاوید اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز پی سی بی عبداللہ خرم نیازی نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی فیوچر سٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو موقع فراہم کرنا ہے، خاص طور …

لاہور۔30جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پاکستان کرکٹ بورڈ عاقب جاوید اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز پی سی بی عبداللہ خرم نیازی نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی فیوچر سٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو موقع فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ایسے کھلاڑیوں کو جو مختلف وجوہات کی بنا پر ماضی میں آگے آنے کا موقع حاصل نہیں کر سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پروگرام گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔عاقب جاوید نے بتایا کہ پی سی بی آئندہ مرحلے میں 16 نئی ریجنل اکیڈمیز پر کام کرنے جا رہا ہے، جہاں ہر ریجن کی اپنی گرائونڈ اور کھلاڑیوں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی۔ ان اکیڈمیز میں انڈر 15، انڈر17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کے لیے بھی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کم عمری سے ہی کرکٹ کی بہتر تربیت ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے تین سے چار سالوں میں پاکستان کرکٹ بہت آگے جانے والی ہے ، انہی ریجنل اکیڈمیز کے ذریعے مکمل ٹیلنٹ تیار کیا جائے گا۔ عاقب جاوید نے کہاکہ ان اکیڈمیز میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس، تکنیکی مہارت اور ذہنی تربیت سمیت ہر پہلو سے مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پی سی بی فیوچر سٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز 11 فروری سے ہو گا جبکہ اوپن ٹرائلز یکم مئی تک ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔ کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مجموعی طور پر 15 مقامات پر ٹرائلز ہوں گے۔پی سی بی حکام کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹرز وریجنل کوچز پر مشتمل سلیکشن پینل جس میں عاقب جاوید، مصباح الحق اور عبدالرزاق شامل ہیں نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیں گے اور ان ٹرائلز کے ذریعے تقریباً 350 باصلاحیت کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا جبکہ ہر ریجن سے زیادہ سے زیادہ 24 بہترین کھلاڑی شارٹ لسٹ کیے جائیں گے۔منتخب کھلاڑیوں کو چار ہفتوں کی خصوصی ٹریننگ دی جائے گی،

ٹرائلز کے روز بہترین بیٹسمین، فاسٹ بولر اور سپنر کو کیش انعامات بھی دیئے جائیں گے جبکہ نمایاں کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیمپس میں بھی بلایا جائے گا۔ مزید برآں منتخب کھلاڑیوں کو سال بھر پی سی بی ریجنل اکیڈمیز میں سکل ڈویلپمنٹ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور مستقبل میں انہیں ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں سلیکشن کا موقع بھی مل سکے گا۔عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کے پاس اسپن بولر آل رائونڈرزکافی ہیں اور ہمیں پیس بولر اور وکٹ کیپر آل رائونڈر کی مزید ضرورت ہے ، اس پر بھی کافی کام ہورہا ہے ۔عاقب جاوید اور عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی سی بی فیوچر سٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو منظور کیا ہے ،پورا سال اب پلیئر ڈویلپمنٹ پر کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے لئے یہ سب شروع کیا جا رہا ہے۔